امتیاز احمد کا تاریخی کارنامہ EOS-05 سٹیلائٹ کامیابی سے لانچ کر کے تاریخ رقم

   

سرحدی سلامتی ، دفاع اور ماحولیاتی نگہداشت پر نظر ، مسلمان سائنسدان کی دوسرے عبدالکلام سے تشبیہہ
محمد نعیم وجاہت
حیدرآباد ۔ 9 ۔ ستمبر : ہندوستانی خلائی تحقیقی ادارہ (ISRO ) کے ممتاز اور نامور سائنسدان امتیاز احمد نے خلائی سائنس کی دنیا میں ایک تاریخی اور ناقابل فراموش کارنامہ انجام دیا ہے ۔ جس پر پوری قوم فخر کررہی ہے ۔ ریاست بہار کے ضلع دربھنگہ کے ایک انتہائی چھوٹے اور گمنام گاؤں ’ ریوڑی ‘ سے نکل کر خلائی بلندیوں کو چھونے والے امتیاز احمد نے اپنی انتھک محنت ، لگن ، بے پناہ قابلیت اور سائنسی صلاحیتوں کے بل بوتے پر ملک کا نام عالمی سطح پر روشن کردیا ہے ۔ انہوں نے اسرو کے انتہائی حساس ، پیچیدہ اور باوقار ( Earth Observation Sate llite-05 ) EOS-05 پراجکٹ میں بطور مشن ڈائرکٹر کلیدی قیادت فراہم کی اور 4 ستمبر 2026 کو GSLV-F17 راکٹ کے ذریعہ آندھرا پردیش کے سری ہری کوٹا میں واقع ستیش دھون اسپیس سنٹر سے اس جدید ترین اور انتہائی تکنیکی سٹلائیٹ کو کامیابی کے ساتھ خلا میں مدار منتقل کردیا ۔ اس شاندار اور تاریخی سائنسی کامیابی کے ساتھ ہی ہندوستان نے دفاعی ، جغرافیائی اور ماحولیاتی نگہداشت کے شعبے میں ایک زبردست اور انقلابی سنگ میل عبور کرلیا ہے ۔ بطور مشن ڈائرکٹر امتیاز احمد کی زیر قیادت تیار کردہ اس جدید ترین EOS-05 زمین کا مشاہدہ کرنے والے سٹیلائٹ کا بنیادی مقصد ہندوستان کی تمام سرحدوں کو 24 گھنٹے ہائی ریزولوشن ملٹی اسپیکٹرل امیجنگ کے ذریعے کڑی اور غیر معمولی نگرانی کرنا ، سرحد پار سے ہونے والی کسی بھی قسم کی دہشت گردانہ سرگرمیوں ، دراندازی اور مشکوک نقل و حرکت کی بروقت نشاندہی کرنا اور قومی سلامتی کو درپیش تمام تر خطرات کا پیشگی ازالہ کرنا ہے ۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ جدید سٹیلائٹ ملک میں موسمیاتی تبدیلیوں ، قدرتی آفات بالخصوص سیلاب اور خشک سالی کی پیشگی درست ترین معلومات اور ڈیٹا فراہم کرے گا جس سے دہشت گردی سے پاک اور محفوظ ہندوستان کے قومی ویژن کو عملی جامہ پہنانے میں بے پناہ مدد ملے گی ۔ سائنسی خدمات اور حب الوطنی سے برلیز اس تاریخی کاوش پر امتیاز احمد کو ملک بھر میں دوسرا ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام قرار دیا جارہا ہے ۔ جس نے دنیا بھر میں یہ ثابت کردیا ہے کہ ملک کی اقلیتی اور دیہی صلاحیتیں صرف روایتی کاموں تک محدود نہیں بلکہ ملکی سلامتی اور سائنسی ترقی کی باگ دوڑ سنبھالنے کی کامل صلاحیت رکھتی ہیں ۔ دربھنگہ کے ریوڑی گاوں سے لے کر پورے ملک میں اس عظیم پیشرفت پر جشن کا ماحول ہے اور ان کا یہ حیران کن اور متاثر کن سفر ہندوستان کے لاکھوں نوجوانوں کے لیے مشعل راہ بن چکا ہے ۔۔ m/b