ا’مجرموں کی رہائی سے عدلیہ پر یقین متزلزل‘:بلقیس بانو

,

   

حکومت کے فیصلہ نے سکون چھین لیا، ملک کی ہر خاتون کی حفاظت ضروری ‘ ریپ متاثرہ کا بیان
حمد آباد:گجرات میں 2002 کے بعد کے گودھرا
فسادات کے دوران زندہ بچ جانے والی بلقیس بانونے کہا کہ ان کے اور خاندان کے سات افراد سے متعلق ایک کیس میں عمر قید کی سزا پانے والے تمام 11 مجرموں کی قبل از وقت رہائی نے انصاف پر ان کے اعتماد کو متزلزل کر دیا ہے، یہ حکومت کی بے حسی ہے۔ بلقیس بانو کی اجتماعی عصمت دری اور فسادات کے دوران ان کے خاندان کے 7 افراد کے قتل کے کیس میں عمر قید کی سزا پانے والے تمام 11 قصورواروں کو 15 اگست کے روز رہا کردیا گیا۔ جو کہ گودھرا سب جیل میں قید تھے۔ گجرات کی بی جے پی حکومت نے معافی کی پالیسی کے تحت ان کی رہائی کی اجازت دی۔اس اقدام پر تنقید کرتے ہوئے بلقیس بانو نے کہا کہ اتنا بڑا اور غیر منصفانہ فیصلہ کرنے سے پہلے کسی نے بھی ان کی حفاظت اور خیریت کے بارے میں نہیں پوچھا۔ انھوں نے گجرات حکومت سے اپیل کی کہ وہ اس نقصان کا ازالہ کرے اور اسے خوف کے بغیر زندہ رہنے کا حق دے۔ بلقیس بانو نے اپنی طرف سے ان کی وکیل سوبھا کے ذریعہ جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ 15 اگست 2022 کو گزشتہ 20 سال کا صدمہ مجھ کو ایک بار پھر غم میں مبتلا کردیا ہے جب میں نے سنا کہ 11 سزا یافتہ افراد کو رہا کیا گیا ہے، جنہوں نے میرے خاندان اور میری زندگی کو تباہ کیا اور مجھ سے میری تین سالہ بیٹی چھین لی تھی۔گودھرا ٹرین جلانے کے واقعہ سے شروع ہونے والے بدترین فسادات میں سے ایک میں اپنے خاندان کے افراد کے اجتماعی عصمت دری اور قتل سے بچ جانے والی خاتون نے کہا کہ حکومت کے فیصلے نے انہیں بے حس کر دیا ہے۔ میرے پاس الفاظ نہیں ہیں۔ میں ابھی تک بے حس ہوگئی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آج وہ صرف اتنا کہہ سکتی ہیں کہ کسی بھی عورت کے لیے انصاف اس طرح کیسے ختم ہو سکتا ہے؟ میں نے اپنی سرزمین کی اعلیٰ ترین عدالتوں پر بھروسہ کیا۔ مجھے نظام پر بھروسہ تھا اور میں اپنے صدمے کے ساتھ جینا آہستہ آہستہ سیکھ رہی تھی۔ بلقیس بانو نے کہا کہ مجرموں نے مجھ سے میرا سکون چھین لیا ہے اور انصاف پر میرا یقین متزلزل کر دیا ہے۔بلقیس بانو نے کہا کہ ’’میرا دکھ اور میرا ڈگمگاتا ایمان صرف میرے لیے نہیں ہے بلکہ ہر اس عورت کے لیے ہے جو عدالتوں میں انصاف کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔ انہوں نے ریاستی حکومت سے کہا کہ وہ مجرموں کی رہائی کے بعد اس کی اور اس کے خاندان کے افراد کی حفاظت کو یقینی بنائے۔واضح رہے کہ 3 مارچ 2002 کو بلقیس بانو کے خاندان پر ہجوم نے ضلع داہود کے لمکھیڑا تعلقہ کے رندھیک پور گاؤں میں حملہ کیا۔ بلقیس بانو اس وقت پانچ ماہ کی حاملہ تھیں، ان کے ساتھ اجتماعی زیادتی کی گئی اور ان کے خاندان کے سات افراد کو فسادیوں نے قتل کر دیا۔