میدک میں عہدیداروں کے تربیتی اجلاس سے ضلع کلکٹر کا خطاب
میدک ۔ 5 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : ریاستی حکومت کی جانب سے عنقریب امداد باہمی سوسائٹیوں کے تازہ انتخابات کے انعقاد کے لیے احکامات جاری کئے جائیں گے ۔ جس کے لیے انتخابی عملہ کے لیے ایک روزہ ٹریننگ کلاس کا آج یہاں ضلع کلکٹر میدک مسٹر کے دھرما ریڈی کی صدارت میں دفتر کلکٹریٹ پر آڈیٹوریم میں انعقاد عمل میں آیا ۔ اس پروگرام میں سنٹرل کوآپریٹیو سیل حیدرآباد کے جوائنٹ رجسٹرار مسٹر سریناتھ چاری کی بحیثیت مہمان خصوصی شرکت ہوئی ۔ ان جماعتوں میں محکمہ امداد باہمی کے ملازمین و عہدیداروں کے علاوہ محکمہ تعلیمات کے عہدیدار بھی شرکت کیے ۔ ضلع کلکٹر نے کہا کہ عنقریب میں نوٹیفیکیشن کی اجرائی عمل میں آئے گی ۔ ضلع میدک کے 31 کوآپریٹیو سوسائٹیوں کے چیرمین اور ڈائرکٹرس کا انتخاب ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتخابات بیالٹ پیپرس کے ذریعہ عمل میں لائے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پرچہ نامزدگیوں کے بعد ڈیوٹی پر متعین عہدیداروں کو چاہئے کہ اگر کسی کی نامزدگی مسترد کردی جاتی ہے تو اس کے تمام تر تفصیلات وجوہات امیدواروں کو واقف کروائے جائیں ۔ اس طرح منتخب نمائندوں کو ان کے انتخاب کا سرٹیفیکٹ عطا کردیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ آف ڈائرکٹرس کے انتخاب کے بعد صدر نشین اور نائب صدر نشین کے انتخاب کے لیے ڈائرکٹرس کو موقع دیا جائے ۔ اس موقع پر ضلع کوآپریٹیو آفیسر مسٹر وینکٹ ریڈی اور دیگر عہدیدار مسرز صادق علی ، موہن راج کے علاوہ ملازمین کی بڑی تعداد شریک تھی ۔۔