مستعد زندگی اور معاون غذا ضروری،نیفرالوجی فورم سے گورنر سوندرا راجن کا خطاب
حیدرآباد۔/26 ستمبر، ( سیاست نیوز) ریاستی گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے امراض گردہ کے سلسلہ میں عوام میں شعور بیداری کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ عام طور پر ناواقفیت کے نتیجہ میں مرض کا شکار ہوجاتے ہیں۔ گورنر نے امراض گردہ کی تعداد میں روز افزوں اضافہ پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ مرض کے ماہرین اور اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام میں شعور بیدار کریں۔ ریاستی گورنر حیدرآباد نیفرالوجی فورم کی سلور جوبلی تقاریب سے مخاطب تھیں۔ ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے کہا کہ عوام میں پائے جانے والے عام امراض کی وجوہات اور احتیاطی تدابیر سے واقفیت کے ذریعہ مریضوں کی تعداد میں کمی کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ امراض گردہ کے سلسلہ میں ماہرین کو زیادہ توجہ دینی چاہیئے۔ گورنر نے کہا کہ صحت مند اور مستعد زندگی اور گردوں کے تحفظ میں معاون غذا کے استعمال کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ باقاعدگی سے بلڈ پریشر کی جانچ اور ضروری احتیاطی تدابیر کے ذریعہ امراض گردہ سے بچاؤ ممکن ہے۔ انہوں نے عوام میں شعور بیداری کے سلسلہ میں حیدرآباد نیفرالوجی فورم کی مساعی کو سراہا ۔ گورنر نے امراض گردہ کے موثر علاج کیلئے مزید تحقیق میں اہم رول ادا کرنے کا ماہرین کو مشورہ دیا۔ انہوں نے اپنے شوہر ڈاکٹر پی سوندرا راجن جو امراض گردہ کے ماہر ہیں ان کے ہمراہ نیفرالوجی کانفرنسوں میں شرکت کے اپنے تجربات بیان کئے۔ اس موقع پر فورم کے عہدیداروں کو تہنیت پیش کی گئی۔ امراض گردہ کے ماہرین کرشنن، انورادھا رمن، گریش نارائن، منیشا سہائے، منجو شاہ یدلا اور دوسرے موجود تھے۔ر