مباحث کے لیے مہلت دینے آئندہ سماعت 14 نومبر کو مقرر
حیدرآباد ۔4 ۔ نومبر (سیاست نیوز) سپریم کورٹ نے آندھراپردیش کے دارالحکومت کے طور پر امراوتی کو برقرار رکھنے کے مسئلہ پر داخل کردہ درخواست کی سماعت کی ہے۔ عدالت نے واضح کیا کہ درخواست پر تفصیلی غور کے بعد ہی اسے سماعت کیلئے قبول کیا جائے گا ۔ کسانوں کی جانب سے داخل کردہ اس درخواست پر وکلاء نے آج بحث کرتے ہوئے عدالت سے خواہش کی کہ اس معاملہ میں فوری سماعت کی جائے۔ جسٹس کے ایم جوزف اور جسٹس ہرشا کیشا رائیلو پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے واضح کیا کہ درخواست کا جائزہ لئے بغیر اس کی سماعت نہیں کی جاسکتی۔ انہوں نے کہا کہ فوری سماعت کی درخواست درست نہیں ہے اور عدالت کو درخواست کا جائزہ لینے کا وقت دیا جائے، اس وقت تک درخواست گزار انتظار کرے۔ ریاستی حکومت کے وکیل نے کہا کہ درخواست کی سماعت فوری ہونی چاہئے اور تاخیر ٹھیک نہیں ہے۔ عدالت نے سرکاری وکیل سے سوال کیا کہ درخواست میں ایسی کیا بات ہے کہ جس کی ہنگامی طور پر سماعت ہونی چاہئے ۔ عدالت کو بتایا گیا کہ اس معاملہ میں ہائیکورٹ کے فیصلہ پر عمل نہیں کیا گیا ، لہذا حکومت کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی ہے۔ کسانوں کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ہائیکورٹ نے مارچ میں فیصلہ سنایا تھا لیکن حکومت نے ستمبر میں سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔ جسٹس کے این جوزف اور جسٹس ہرشا کیشا رائیلو نے کہا کہ انہیں درخواست کا جائزہ لینے کیلئے کچھ وقت دیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے 7 نومبر کو آئندہ سماعت کا تیقن دیا۔ کسانوں کے وکیل فالی ایس نریمن نے عدالت سے درخواست کی کہ مباحث کے لئے کم از کم ایک ہفتہ کا وقت دیا جائے۔ عدالت نے سرکاری وکیل کے موقف کی سماعت کے بعد آئندہ سماعت 14 نومبر کو مقرر کی ہے۔ر