حیدرآباد2جنوری(یواین آئی)نئے سال کے موقع پر ایک خاندان نے انوکھے اور رنگ برنگی رنگولی بناتے ہوئے اے پی کے دارالحکومت امراوتی کو بچانے کا مطالبہ کیا۔اس خاندان نے حکومت کی جانب سے تین دارالحکومتوں کی تجویزکی مخالفت کرتے ہوئے یہ انوکھی رنگ برنگی رنگولی ڈالی جو اے پی کے نقشہ کی طرح بنائی گئی ہے ۔ان افراد نے کہاکہ ریاست کے تین دارالحکومتوں کے قیام کی تجویز کے خلاف کسانوں کے احتجاج کی حمایت میں یہ رنگولی ڈالی گئی ہے ۔وجئے واڑہ کے آٹو نگر کے وی راجیش،ان کی بیوی سدھارانی اور دیگر ارکان خاندان نے یہ رنگولی بنائی۔یہ 20فیٹ چوڑی رنگولی بنائی گئی ہے جس میں مختلف رنگوں کا استعمال کیاگیا۔اس رنگولی میں تلگو زبان میں لکھا گیا ہے کہ امراوتی کو بچایاجائے ، کسانوں کو بچایا جائے ۔سدھارانی نے کہا کہ ہر سال نئے سال کے موقع پر سال نو کی مبارکباد کے لئے رنگولی ڈالی جاتی ہے تاہم اس مرتبہ ریاست کے دارالحکومت کے کسانوں کی حمایت میں یہ رنگولی ڈالی گئی ہے جو اے پی میں تین دارالحکومتوں کے قیام کی حکومت کی تجویز کے خلاف کئی دنوں سے احتجاج کررہے ہیں۔