امرت اسٹیشنوں سے ریل کا سفر آسان ہوگا:مودی

   

نئی دہلی۔21 مئی ۔ (یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ وہ جمعرات کو 100 سے زیادہ امرت اسٹیشنوں کا افتتاح کریں گے جس سے مسافروں کیلئے ریل کا سفر آسان ہو جائے گا۔ وزیر اعظم نے راجستھان میں کئی سڑکوں کے منصوبوں کے افتتاح اور سنگ بنیاد رکھنے کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس سے سرحدی علاقوں میں دفاعی ڈھانچہ مضبوط ہوگا۔مودی جمعرات کو راجستھان کے ایک روزہ دورے پر جا رہے ہیں جہاں وہ 26 ہزار کروڑ روپئے کے مختلف منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے یا افتتاح کریں گے ۔ اس سے قبل چہارشنبہ کو انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایک پوسٹ میں کہا کہ کل ہندوستانی ریلوے کیلئے ایک تاریخی اور ناقابل فراموش دن ہونے والا ہے ۔ راجستھان کے بیکانیر میں صبح 11بجے اب تک ری ڈیولپ کیے گئے 100 سے زیادہ امرت اسٹیشنوں کا افتتاح کرنے کا اعزاز حاصل ہو گا جس سے ملک کے لوگوں کیلئے ریل کا سفر آسان ہو جائے گا۔راجستھان کے اپنے دورے کے دوران مجھے بہت سے دوسرے پروجیکٹوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھنے کا موقع بھی ملے گا، ان میں بہت سے سڑک کے منصوبے بھی شامل ہیں۔
ان سے جہاں نقل و حرکت کی سہولیات میں اضافہ ہوگا، وہیں یہ سرحدی علاقوں میں ہمارے دفاعی ڈھانچے کو بھی مضبوط کریں گے ۔”