نئی دہلی، 27 جون (یو این آئی) کانگریس نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے ‘امرت کال’ میں بیرون ملک بھیجنے کے نام پر بہت بڑا کاروبار چل رہا ہے اور ملک کے نوجوانوں سے بھاری رقم اکٹھی کر کے انہیں یوکرین سے لڑنے کے لیے روسی فوج میں دھوکہ دہی سے بھرتی کرایا جا رہا ہے ۔پنجاب کانگریس کے صدر اور پارٹی کے لوک سبھا ممبر پارلیمنٹ امریندر سنگھ راجہ برار نے جمعہ کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ مسٹر مودی کے ‘امرت کال’ میں جس طرح کے کام ہو رہے ہیں وہ بہت تشویشناک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے نوجوانوں کو بیرون ملک جانے کا لالچ دے کر ان سے بھاری رقوم بٹوری جا رہی ہیں اور انہیں دھوکے سے روس بھیج کر فوج میں بھرتی کر کے براہ راست میدان جنگ میں بھیجا جا رہا ہے ۔پنجاب پردیش کانگریس کے صدر نے اس دوران جگدیپ اور خوشبو یادو کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ ان دونوں کے بھائی ڈیڑھ سال سے روس میں لاپتہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دسمبر 2023 میں 126 افراد ایجنٹوں کے ذریعے بیرون ملک گئے تھے ۔ وہ سنگاپور، ملائیشیا اور اٹلی جانا چاہتے تھے لیکن انہیں ماسکو بھیج دیا گیا۔ جگدیپ کے مطابق پانچ افراد ایجنٹوں کے ذریعے ماسکو گئے اور بدلے میں ان سے 35 لاکھ 40 ہزار روپے لیے لیکن انہیں اٹلی بھیجنے کے بجائے ماسکو بھیج دیا گیا۔ اس کے بعد ماسکو حکومت نے ان لوگوں کو فوج میں بھرتی کرادیا اور 15 دن کی تربیت دینے کے بعد انہیں مشین گن پکڑا دی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ ان 126 افراد میں سے 14 افراد
لاپتہ ہیں، جن میں سے تقریباً 100 افراد واپس آچکے ہیں، کیونکہ کچھ لوگوں کو گولیاں لگیں اور کئی زخمی ہوئے ۔ جگدیپ اور خوشبو یادو اپنے بھائی کو واپس لانے کے لیے ہر وزارت میں گئے ، لیکن کسی نے ان کی بات نہیں سنی۔کانگریس لیڈر نے کہا کہ 14 لاپتہ افراد میں سے 9 کا تعلق اتر پردیش سے ہے جبکہ تین کا تعلق پنجاب سے ہے ، ایک ایک مہاراشٹرا اور جموں و کشمیر سے ہے ۔ گھر والے پریشان ہیں لیکن انہیں تلاش کرنے سے متعلق کوئی سنوائی نہیں ہو رہی ہے ۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا حکومت روس سے پوچھے گی کہ ہمارے لوگوں کو بغیر اجازت فوج میں کیوں بھرتی کیا گیا اور کیا حکومت نے اپنے لوگوں کو واپس لانے کی کوئی کوشش کی ہے ؟ یہ سارا معاملہ سامنے آنے کے بعد حکومت نے فراڈ ایجنٹوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔