واشنگٹن : امریکی بحریہ کی فضائی کرتب دکھانے والے اسکواڈرن ‘بلیو اینجلز’ میں پہلی خاتون پائلٹ کو شامل کرلیا گیا ہے۔خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق امریکی بحریہ نے پیر کو جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا ہے کہ لیفٹننٹ اماندا لی ٹیم کے لیے منتخب ہونے والے چھ نئے کور اراکین میں سے ایک ہیں۔امریکی ریاست منی سوٹا کے شہر ماؤنڈز ویو سے تعلق رکھنے والی اماندا لی کو گلیڈی ایٹرز کے نام سے مشہور اسٹرائیک فائٹر اسکواڈرن 106 ڈیمونسٹریشن ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جو ورجینیا بیچ میں نیول ایئر اسٹیشن اوشینا میں تعینات ہے۔وہ اور دیگر نئے اراکین ستمبر میں بلیو اینجلز کو رپورٹ کریں گے۔بحریہ نے اپنے بیان میں کہا کہ نیوی اور میرین کورسے خواتین 55 برسوں سے بلیو اینجلز کے ساتھ خدمات انجام دے رہی ہیں لیکن کبھی پائلٹ کے طور پر انہیں اسکواڈرن میں شامل نہیں کیا گیا۔