امریکہ ،ہالینڈ،انگلینڈ اور کیمرون ناک آوٹ مرحلے میں داخل

   

پیرس۔22 جون (سیاست ڈاٹ کام ) ویمنس فٹبال ورلڈ کپ میں کیمرون، ہالینڈ، انگلینڈ، امریکہ نے اپنے میچز جیت لیے جبکہ اسکاٹ لینڈ اورارجنٹیناکا میچ 3۔3 سے برابر رہا۔کیمرون نے نیوزی لینڈ کو شکست دیکر ٹورنمنٹ سے باہرکردیا، فاتح ٹیم نے شاندارکھیل پیش کر کے ناک آؤٹ مرحلے میں رسائی حاصل کر لی ۔کیمرون نے حریف ٹیم کو 2-1 گول سے ہراکر ٹورنمنٹ سے باہرکر دیا۔کیمرون کی طرف سے پہلا گول اجارا نے 57 ویں منٹ میں کیا تاہم نیوزی لینڈ کی اوانا نے 80 ویں منٹ میں گول کر کے میچ برابر کر دیا تاہم آخری لمحات میں اجارا نے 95 ویں منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنارکرایا۔ دوسرے میچ میں ہالینڈ نے سخت مقابلے کے بعد کینیڈا کو 2-1 زیر کر کے پری کوارٹر فائنل مرحلے میں جگہ بنا لی۔ نیدر لینڈ کی طرف سے پہلا گول 54 ویں منٹ میں انوک ڈیکار نے کیا – تھوڑی ہی دیر بعد 60 ویں منٹ میں کینیڈا کی کرسٹینا نے گول جال کی طرف پھینک کر میچ برابر کر دیا۔ 15 منٹ بعد ہالینڈ کی لینتھ نے گول بناکر حریف ٹیم کوشکست دی۔ ایک اور میچ کے دوران انگلینڈ نے جاپان کو باآسانی شکست دی، فاتح ٹیم کی طرف سے پہلا گول ایلن وائٹ نے 14 ویں منٹ میں کیا جس کو برابر کرنے کے لیے ایشیائی ٹیم نے کافی محنت کی تاہم 84 ویں منٹ میں ایک مرتبہ ایلن وائٹ نے گول کر کے ٹیم کو 0-2 کی برتری دلا دی جو میچ کے اختتام تک رہی۔ چوتھے میچ میں امریکہ سویڈن کو شکست دی۔ میچ شروع ہوتے ہی امریکی ٹیم نے جارحانہ کھیل پیش کیااورتیسرے ہی منٹ میں لنڈسے ہارن نے گیند کو جال کی طرف پھینک دیا اور ٹیم کو برتری دلائی، یورپی ملک نے بھی گول کرنے کی کوشش کی تاہم ہر بار ناکام رہے۔