امریکہ ، آسٹریلیا اور یورپ کے عازمین حج کی سہولت کیلئے پورٹل جاری

   

ریاض ( کے این واصف )سعودی وزارت حج کا عازمین کی خدمات میں اضافہ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے وزارت حج و عمرہ نے امریکہ ، آسٹریلیا اور یورپی ممالک سے حج پر آمد کی کارروائی کو آسان بنانے کیلئے ’’ نسک حج ‘‘ پورٹل hajj.nusuk.sa جاری کیا ہے ۔ سعودی خبر رساں ادارہ ایس پی اے کے مطابق ’’ نسک حج‘‘ پورٹل کے ذریعہ آسٹریلیا ، امریکہ اور یورپ کے 58 سے زیادہ ممالک کے عازمین حج بکنگ اور رجسٹریشن آسانی سے کراسکیں گے ۔ حج پیاکیج کی رقم بھی آن لائن ادا کی جاسکے گی ۔ ’’ نسک حج ‘‘ میں یہ خصوصیت بھی رکھی گئی ہے کہ اس کے ذریعہ عازمین حج اسلام کے پانچویں رکن کی ادائیگی سے متعلق معلومات بھی حاصل کرسکیں ۔ وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ پورٹل میں سات زبانوں کی سہولت دی گئی ہے ۔ پہلے مرحلے میں امیدوار پروفائل بنائیں گے ، اس میں اپنے بارے میں تمام مطلوبہ معلومات درج کریں گے ۔ دوسرے مرحلے میں حج کرنے کے امیدوار مطلوبہ سہولیات دریافت کر کے بکنگ کراسکیں گے ۔ اس حوالے سے انہیں مطلوبہ دستاویزات اور کاغذات منسلک کرنا ہوں گے ۔ وزارت نے بتایا کہ پیاکیج کی رقم ، ویزا اور ماسٹر کارڈ ، بینک ٹرانسفر اور عازمین حج کے ملکوں میں موجود سروسز سنٹر کے ذریعہ سداد سسٹم پر نقد بھی جمع کرائی جاسکے گی ۔