امریکہ اور ایران کے درمیان نیوکلیئر مذاکرات کا چھٹا دور اتوار کو

   

تہران، 11 جون (یو این آئی) امریکہ اور ایران کے درمیان نیوکلیئرمذاکرات کا چھٹا دور اتوار کو ہوگا۔ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان نیوکلیئرمذاکرات کا چھٹا دور اتوار کو مسقط میں منعقد ہوگا۔ یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دونوں فریق تقریباً دو ماہ سے جاری اہم مذاکرات میں یورینیم کی افزودگی کے معاملے پر تعطل کا شکار نظر آتے ہیں۔اس سے پہلے امریکی صدر ٹرمپ نے کہا تھاکہ ایران امریکہ مذاکرات جمعرات کو متوقع ہیں تاہم ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ ایرانی مذاکرات کار اور وزیر خارجہ عباس عراغچی ناروے میں اوسلو فورم میں شریک ہوں گے ۔ایران کو دو ہفتے پہلے نیوکلیئرمعاہدہ کی امریکی تجاویز موصول ہوئی تھیں جس پر ایران نے امریکی تجاویز میں ابہام ہونے اور ایران پر پابندیوں کے خاتمے کی شرط شامل نہ ہونے پر اعتراض کیا تھا۔ ایران کا کہنا تھا کہ امریکی تجاویز کا معقول، منطقی اور متوازن جواب ثالث عمان کے ذریعہ امریکہ کو بھجوائیں گے ۔