واشنگٹن: امریکی حکومت نے ایک ہزار سے زائد چینی طلبہ کے ویزے منسوخ کر دیے ہیں۔ صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے مئی میں بعض چینی طلبہ اور محققین کے امریکہ میں داخلے کو محدود کرنے کا اعلان کیا تھا۔ امریکی صدر نے کہا تھا کہ بیجنگ حکومت کی جانب سے حساس امریکی ٹیکنالوجی اور املاک دانش کے حصول کے لیے چینی طلبہ کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ امریکہ نے یہ الزام بھی لگایا تھا کہ چین امریکی یونیورسٹیوں میں کووڈ انیس پر ہونے والی تحقیقات کو چرانے کی کوشش کر رہا ہے اور چینی حکومت کی جانب سے جاسوسی کے واقعات بڑھتے جا رہے ہیں۔ چین ان الزامات کو مسترد کرتا ہے۔