واشنگٹن ۔ امریکی سینیٹ میں ریپبلیکن جماعت کے سینیٹرز نے رواں برس 6 جنوری کو سابق صدر ٹرمپ کے حامیوں کی جانب سے کیپیٹل ہل پر دھاوے کی تفتیش کے لیے تحقیقاتی کمیشن کے قیام کے بل کی منظوری میں رکاوٹ کھڑی کردی ہے۔ پچاس ریپبلیکنز سینیٹرز میں سے چھ نے اس بل کے حوالے سے ڈیموکریٹس کی حمایت کی تاہم بل کی منظوری کے لیے 100 میں سے 60 ووٹوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس لیے اس بل کی منظوری کے لیے کم از کم 10 ریپبلیکن سینیٹرز کی حمایت درکار تھی۔ کیپیٹل ہل پر ہنگامہ آرائی کے واقعہ کے 5 ماہ بعد اگر یہ بل منظور ہوجاتا تو تحقیقاتی کمیشن کو یہ حق حاصل ہوتا کہ وہ گواہان کو طلب کرتا اور اس واقعہ کے حوالے سے خفیہ معلومات تک رسائی حاصل کر سکتا۔
