نیویارک ٹائمز کی ایک رپورٹ میں انکشاف
واشنگٹن ۔ 16 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے ستمبر میں دوچینی سفارت کاروں کو خفیہ طور پر ملک بدر کردیا تھا۔امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے اتوار کو ایک رپورٹ میں ان کی امریکہ سے بے دخلی کی اطلاع دی ہے اور بتایا ہے کہ چینی سفارت خانے کے یہ دونوں اہلکار ورجینیا میں واقع ایک حساس فوجی اڈے پر جا پہنچے تھے۔اخبار نے لکھا ہے کہ گذشتہ تیس سال میں یہ پہلا موقع ہے کہ امریکہ نے دو چینی سفارت کاروں کو جاسوسی کے الزام میں بے دخل کر کے واپس بھیجا ہے۔ان میں ایک سفارت کار کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ انٹیلی جنس افسر تھا اور سفارت کار کے روپ میں کام کررہا تھا۔نیویارک ٹائمز لکھتا ہے کہ یہ دونوں چینی سفارت کار اپنی بیویوں کے ہمراہ کار چلاتے ہوئے ریاست ورجینیا میں واقع ایک سکیورٹی چیک پوائنٹ پر جاپہنچے تھے۔ یہ نورفولک کے نزدیک واقع ایک حساس تنصیب کے داخلی دروازے پر قائم تھی۔اس حساس جگہ پر امریکہ کی خصوصی آپریشنز فورسز کے دفاتر اور اڈہ واقع ہے۔چیک پوائنٹ پر متعیّن محافظوں نے چینی سفارت کاروں کے کاغذات ملاحظہ کیے تو ان کے پاس داخلے کا اجازت نہیں تھا۔پھر محافظوں نے انھیں وہاں نصب ’گوتھرو گیٹس‘ سے گذرنے کی ہدایت کی۔وہ واپس مڑے اور پھر آگے چل دیے تھے۔
