واشنگٹن ۔ 12 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ میں صومالی نژاد ڈیموکریٹک رکنِ کانگریس الہان عمر نے اپنے عاشق ٹِم مینیٹ کے ساتھ شادی کا انکشاف کیا ہے۔ اس سے قبل کئی رپورٹیں سامنے آ چکی ہیں جن میں الہام اور سیاسی مشیر مینیٹ کے درمیان غیر قانونی تعلق پر روشنی ڈالی گئی تھی۔ اس کے علاوہ مینیٹ کی بیوی کی جانب سے الزام بھی عائد کیا گیا تھا کہ الہام نے اس کے شوہر کو اپنے دام میں پھنسا لیا ہے۔ تاہم الہام نے ان تمام رپورٹوں کو مسترد کر دیا تھا۔چہارشنبہ کی شام الہام نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر مینیٹ کے ساتھ ایک تصویر پوسٹ کی۔ تصویر کے اوپر لکھا گیا کہ ’’ہم نے شادی کر لی ہے !‘‘۔ الہام نے مزید لکھا کہ ’’سیاست میں شراکت سے لے کر شریک حیات تک ، میں کتنی خوش قسمت ہوں ، اللہ کا شکر ہے‘‘۔ٹم مینیٹ کی سابقہ بیوی بیتھ مینیٹ نے اگست 2019 میں امریکی دارالحکومت کی عدالت عظمی میں اپنے شوہر کے خلاف طلاق کا مقدمہ دائر کیا تھا۔ اپنی درخواست میں بیتھ نے باور کرایا تھا کہ ان کے شوہر ٹِم نے اپریل 2019 سے الہام عمر کے ساتھ تعلقات قائم کر رکھے ہیں۔ مزید یہ کہ ٹم نے بیتھ کو آگاہ کیا کہ وہ صومالی نژاد امریکی رکن کانگریس کی زلفوں کا اسیر ہو چکا ہے۔الہام عمر نے کچھ عرصہ قبل اپنے شوہر سے علاحدگی اختیار کر لی تھی۔