لانسنگ۔ امریکی عدالت کے جج نے 2020ء کے صدارتی انتخابات میں شکست کے بعد ڈونالڈ ٹرمپ کی نمایندگی کرنے والے وکلا کی سرزنش کی۔ خبررساں اداروں کے مطابق جج لنڈا پارکر نے مشی گن میں ڈونلڈ ٹرمپ کے وکیل کی جانب سے دائر مقدمے کو عدالتی کارروائی کا غلط استعمال قرار دیا۔ 110 صفحات پر مشتمل عدالتی فیصلے میں سڈنی پاول، لن ووڈ اور 7دیگر افراد پر پابندیاں عائد کی گئیں، جنہوں نے انتخابات میں دھوکا دہی کا الزام لگایا تھا۔ جج نے کہا کہ وکلا کا مقصد انتخابی نظام کو کمزور کرنا ہے۔ انہوں نے اپنے فیصلے میں کہا کہ یہ معاملہ کبھی بھی دھوکا دہی کا نہیں تھا، یہ ہماری جمہوریت پر لوگوں کے اعتماد کو مجروح کرنے اور عدالتی عمل کو کمزور کرنے کی کوشش ہے۔ جج نے ٹرمپ کے وکلا کو حکم دیا کہ وہ اپنے مخالفین کے عدالتی اخراجات ادا کریں اور اپنی قانونی تعلیم مکمل کریں۔