امریکہ میں ایک روز میں 2000 اموات

,

   

واشنگٹن۔8اپریل ( سیاست ڈاٹ کام)امریکہ میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے شکار لگ بھگ 2,000 مریض ہلاک ہو گئے ہیں۔ ایک روز میں ہلاکتوں کی یہ اب تک کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ امریکہ میں ہلاکتوں میں ریکارڈ اضافہ کورونا وائرس سے دنیا بھر میں ہونے والی ہلاکتوں کے اعداد و شمار جمع کرنے والے ادارے جانز ہوپ کنز یونیورسٹی کے مطابق ہے۔ امریکہ میں مسلسل تیسرے روز ہلاکتوں میں ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا ہے اور ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 12 ہزار 895 ہو گئی ہے۔کورونا وائرس پر صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی بنائی گئی ٹاسک فورس میں شامل ماہرین صحت نے وارننگ دی تھی کہ رواں ہفتہ ہلاکتوں کے اعتبار سے سنگین ہو سکتا ہے۔امریکی ریاست نیویارک اور نیوجرسی میں اب تک سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں جب کہ دیگر ریاستوں میں ہلاکتوں کی شرح کم ہے۔نیویارک میں اب تک ایک لاکھ 38 ہزار 863 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص کی جا چکی ہے جب کہ 5489 اموات ہو چکی ہیں۔اسی طرح نیو جرسی میں 1232 ہلاکتیں ہوئی ہیں جہاں کسی بھی ریاست کے مقابلے میں دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ 44 ہزار 416 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص کی گئی ہے۔ریاست مشی گن، لوزیانا، کیلی فورنیا، فلوریڈا سمیت دیگر ریاستوں میں ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار سے کم ہے جب کہ متاثرین کی تعداد ہزاروں میں ہے۔