امریکہ میں تجرباتی طور پر جانوروں کی کورونا ٹیکہ اندازی کا آغاز

   

کیلیفورنیا: امریکہ کے ایک چڑیا گھر میں شیر، بھالو اور ریچھ سمیت کئی جانوروں کو آزمائشی طور پر کورونا کی ویکسین لگا دی گئی۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا کی کاؤنٹی آکلینڈ کے ایک چڑیا گھر میں جانوروں کی بیماریوں کی دوائیں بنانے والی امریکی کمپنی کے تعاون سے شیر، بھالو، چیتا، ریچھ، اور نیولے کو کورونا کی ویکسین لگائی گئی۔چڑیا گھر کی انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پہلے مرحلے میں اْن جانوروں کو کورونا ویکسین لگائی گئی ہے جنہیں کورونا سے متاثر ہونے کا سب سے زیادہ خطرہ لاحق تھا۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ دوسرے مرحلے میں چمگادڑوں سمیت بندروں اور دیگر جانوروں کو کورونا ویکسین لگائی جائیں گی۔ امریکی کمپنی نے ایک معاہدے کے تحت امریکہ کی 27 ریاستوں میں قائم 70 چڑیا گھر وں کے لیے 11 ہزار سے زائد کورونا ویکسین کی خوراکیں عطیہ کی ہیں۔واضح رہے کہ کورونا وبا نے صرف انسانوں کو ہی متاثر نہیں کیا ہے بلکہ دنیا بھر کے کئی چڑیا گھروں کے جانوروں میں مہلک وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی تھی جبکہ 4 شیر سمیت کئی جانور مہلک وائرس سے ہلاک بھی ہوچکے ہیں ان جانوروں میں انسانوں سے وائرس منتقل ہوا تھا۔