امریکہ میں تمام غیر ملکی امدادی پروگرام عارضی طور پر معطل

   

واشنگٹن : امریکی وزیر خارجہ نے تمام غیر ملکی امدادی پروگرام عارضی طور پر معطل کردیے۔ امریکی میڈیا کے مطابق معطل کیے گئے پروگراموں میں یوکرین، تائیوان اور اردن کی امداد کا پروگرام بھی شامل ہے۔ یہ امدادی پروگرام ابتدائی طور پر نوے 90 روز کیلئے معطل کیے گئے ہیں، صرف اسرائیل اور مصر کو استثنیٰ حاصل رہے گا۔ امریکی میڈیا کے مطابق امریکہ کے تمام سفارتی اور قونصل مشنز کو محکمہ خارجہ کی جانب سے حکم نامہ جاری کردیا گیا ہے جس میں ان سے کہا گیا ہے کہ تمام امدادی پروگرام فوری طور پر معطل کردیں۔ وزیر خارجہ مارکو روبیو ذاتی طور پر اب ان پروگراموں کا جائزہ لے کر ان میں تبدیلی یا مکمل طور پر ختم کرنے کا فیصلہ کریں گے۔ محکمہ خارجہ نے تاحال اس خبر کی تصدیق نہیں کی، تاہم میڈیا رپورٹس کے مطابق اس خبر سے امریکی محکمہ خارجہ کے ملازمین میں کھلبلی مچ گئی ہے۔

شام میں تقسیم کا خطرہ ہنوز موجود : اقوام متحدہ
ڈیووس : اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے کہا ہے کہ شام میں تقسیم کا خطرہ اب بھی موجود ہے۔ عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق انتونیو گوٹیرس نے ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم سے خطاب میں کہا کہ شام کی تقسیم اب بھی ممکن ہے، خاص طور پر وہاں کی ڈیموکریٹک فورسز کی موجودگی کے ساتھ جو ملک کے شمال مشرقی حصہ کے علاقوں کو کنٹرول کرتی ہیں، تقسیم کا ایک سبب ملک میں بڑھتی انتہا پسندی بھی ہے۔ انتونیو گوٹیرس نے غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کے نفاذ کے بعد اسرائیل کی جانب سے وہاں شروع ہونے والے آپریشن سے پیدا ہونے والی حالیہ کشیدگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل یہ سمجھتا ہے کہ مغربی کنارہ کا الحاق کرنے کا یہ صحیح وقت ہے۔