واشنگٹن ۔ 5 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وائیٹ ہاؤس سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہیکہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ ریٹائرڈ جنرل جیک کین کو اعلیٰ ترین سیویلین اعزاز عطا کریں گے جن کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کین زائد از چار سال فوج کے چیف آپریٹنگ آفیسر رہ چکے ہیں اور 120 ممالک کے1.5 ملین فوجیوں کی قیادت بھی کی ہے۔ 9/11 کے موقع پر موصوف پنٹاگان کی عمارت میں موجود تھے جس کے بعد پیدا ہوئے حالات یعنی افغانستان اور عراق میں امریکی حملوں میں جنرل کین کا اہم رول رہا۔ فی الحال موصوف فاکس نیوز کے قومی سلامتی تجزیہ نگار ہیں۔ پریس سکریٹری اسٹیفانی گریشم نے صدارتی میڈل برائے آزادی کا انعام حاصل کرنے والے کے نام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جنرل کین نے امریکہ کو محفوظ اورمضبوط بنانے کیلئے اپنی زندگی وقف کردی۔ مذکورہ ایوارڈ آئندہ ہفتہ دیا جائے گا۔
