حیدرآباد۔یکم نومبر، ( سیاست نیوز) امریکہ کے انڈیانا اسٹیٹ میں چاقوزنی کے واقعہ میں زخمی تلنگانہ کے طالب علم کے رشتہ داروں نے ریاستی حکومت سے تعاون کی اپیل کی ہے۔ 24 سالہ پی ورون راج پر انڈیانا کے ایک جم میں حملہ کیا گیا۔ یہ طالب علم والپرائیسو یونیورسٹی میں ایم ایس کا طالب علم ہے۔ یہ طالب علم کھمم ضلع سے تعلق رکھتا ہے اور دیگر اطلاعات کے مطابق اسے ایک مندر میں نشانہ بنایا گیا۔ زخمی طالب علم کو ہاسپٹل سے رجوع کیا گیا جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ طالب علم کے والد راما مورتی کے مطابق جم سے گھر واپسی کے دوران حملہ کی اطلاع ملی ہے۔ محبوب آباد ضلع میں ٹیچر راما مورتی نے وزیر ٹرانسپورٹ اجئے کمار سے امریکہ میں فرزند کے بہتر علاج کیلئے تعاون کی اپیل کی۔ ریاستی وزیر کے ٹی راما راؤ نے ہندوستانی ایمبیسی اور تلنگانہ کے این آر آئیز کے ذریعہ ہر ممکن مدد کا بھروسہ دلایا۔