امریکہ میں سیاہ فام شخص کی ہلاکت، احتجاج تیسرے دن بھی جاری

,

   

جارج فلائڈ قتل کیس میں انصاف ہوگا، صدرٹرمپ کا تیقن

واشنگٹن ۔ 29 مئی (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ میں پولیس کے ہاتھوں ایک سیاہ فام شخص کی ہلاکت کے بعد مینیاپولس میں تیسرے دن بھی پر تشدد مظاہرے اور فسادات جاری رہے۔ مشتعل مظاہرین نے دو گاڑیوں اور 16 عمارت کو نذر آتش کر دیا اور پولیس پر پتھراؤ بھی کیا۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس اور ربڑ کی گولیاں استعمال کیں۔ جمعرات کی رات یہ احتجاج قریبی شہر سینٹ پال میں بھی کیا گیا۔ مینی سوٹا کے ریاستی گورنر نے امن عامہ کی بحالی کیلئے نیشنل گارڈز طلب کر لیے ہیں۔ پیر کے روز 46 سالہ جارج فلوئڈ کی موت اس وجہ سے ہو گئی تھی کہ ایک پولیس اہلکار کافی دیر تک اپنی ٹانگ اس کی گردن پر رکھ رہا تھا۔ اس واقعہ پر امریکہ بالخصوص امریکی سیاہ فام آبادی میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے ۔ دریں اثناء امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہیکہ جارج فلائڈ قتل کیس میں انصاف ہوگا۔انہوں نے سیاہ فام شخص کے قتل پر افسوس کا اظہار کیا اور واقعے کو المناک قرار دیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق واقعے میں پولیس اہلکاروں کے ملوث ہونے اور انکے خلاف کارروائی سے متعلق سوال پر امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ہم اس معاملے کو دیکھیں گے، واقعے کی تفصیلی رپورٹ کل ملے گی۔