امریکہ میں غیر قانونی داخلہ کی کوشش، 97 ہزار ہندوستانی گرفتار

   

اکتوبر 2022 تا ستمبر 2023 امریکی بارڈر سیکوریٹی فورسس کی کارروائی، رپورٹ میں انکشاف

حیدرآباد۔5۔نومبر۔(سیاست نیوز) ہندستان میں جاری ’امرت کال‘ اور اچھے دن سے فرار ہوتے ہوئے امریکہ میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے کی کوشش کرنے والے 97 ہزار ہندستانیوں کو امریکی بارڈر سیکیوریٹی فورس نے حراست میں لے لیا ہے۔اکٹوبر 2022 سے ستمبر2023کے درمیان امریکی سرحدوں پر حراست میں لئے گئے ہندستانیوں کے سلسلہ میں جاری کی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 96 ہزار917 ہندستانیوں کو بارڈر سیکیوریٹی فورسس کی جانب سے امریکہ میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران گرفتار کیا گیا ہے۔ یو ایس کسٹمس اینڈ بارڈر پروٹیکشن کی جانب سے جاری کی گئی تفصیلات کے مطابق گذشتہ ایک برس کے دوران یہ گرفتاریاں عمل میں لائی گئی ہیں جن میں 30ہزار10 ایسے ہندستانی ہیں جو کہ کینیڈا کی سرحد سے امریکہ میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران حراست میں لئے گئے ہیں جبکہ 41ہزار 770 ہندستانیوں کو میکسیکو سرحد سے امریکہ میں داخلہ کی کوشش کے دوران حراست میں لیا گیا ہے۔سال 2019-20کے اعدادو شمار کا جائزہ لیں تو امریکی حکام کے مطابق غیر قانونی طریقہ سے امریکہ میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والوں کو حراست میں لئے جانے والوں کی تعداد میں 5گنا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے کیونکہ سال 2019-20 کے دوران اس طرح کی کوشش کرتے ہوئے حراست میں لئے جانے والوں کی تعداد 19 ہزار 883 ریکارڈ کی گئی تھی ۔ حراست میں لئے گئے ہندستانی شہریوں کے سلسلہ میں جاری کی گئی تفصیلات کے مطابق گرفتار شدگان میں بیشتر کا تعلق ہندستانی ریاست گجرات یا پنجاب سے ہے جو کسی بھی طرح سے امریکہ میں داخل ہوتے ہوئے وہاں مقیم ہونے اور سکونت اختیار کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔امریکی ادارہ کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق 84ہزار ایسے افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جو کہ تنہاء سرحد عبور کرتے ہوئے امریکہ میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے جبکہ ان کے ساتھ کوئی نہیں تھا اور نہ ہی ان کے بچے یا خاندان سرحد عبور کرنے کی کوشش کرنے والوں میں شامل نہیں تھے لیکن اس رپورٹ میں حیرت انگیز انکشاف یہ بھی ہوا ہے کہ سرحد عبور کرنے کی کوشش کے دوران حراست میں لئے جانے والے معصوم بچوں کی تعداد جو تنہا ء تھے وہ 730ریکارڈ کی گئی ہے جو کہ سرحد پر تعینات عہدیدارو ںکے لئے تشویش کا باعث بنی ہوئی ہے ۔ ہندستان میں حکومت کی جانب سے امرت کال اور اچھے دن کا دعویٰ کیا جاتا ہے لیکن اسی رفتار سے بہر صورت ملک سے فرار اختیار کرتے ہوئے امریکہ میں سکونت اختیار کرنے اور غیر قانونی طور پر امریکہ میں داخلہ کی کوشش کرنے والو ںکی تعداد میں بھی زبردست اضافہ ریکارڈ کیا جا رہاہے۔