دو دوستوں کی لڑائی پر پہونچی پولیس نے گولی چلادی
حیدرآباد ۔ 18 ستمبر (سیاست نیوز) امریکہ میں پولیس فائرنگ کے دوران محبوب نگر کے ساکن ایک نوجوان کی موت ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق امریکہ میں دو دوستوں میں لڑائی ہوئی۔ لڑائی نہ تھمنے پر وہاں پولیس پہنچ گئی اور پولیس نے فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں محبوب نگر کے ساکن نوجوان کو گولی لگنے سے انکی موت ہوگئی۔ نظام الدین 2016ء میں امریکہ گئے تھے ۔ یونیورسٹی آف فلوریڈا سے ایم ایس کی تکمیل کے بعد ایک کمپنی میں ملازم تھے ۔ ان کی ملازمت کی میعاد چھ ماہ قبل ہوچکی تھی اس لئے وہ بغیر کسی توسیع کے اپنے دوستوں کے ساتھ مقیم تھا۔ اسی دوران دونوں دوستوں میں جھگڑا ہوگیا جن میں ایک نے پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس پہنچنے کے بعد بھی جھگڑا ختم نہیں ہوا جس پر پولیس نے فائرنگ کردی۔ بندوق سے نکلی گولی نظام الدین کو لگی اور وہ برسر موقع فوت ہوگئے جس کی اطلاع دوستوں نے والدین کو دی۔ مقتول کے چچا جو شکاگو میں رہتے ہیں جائے وقوعہ پر گئے۔ بتایا گیا کہ نظام الدین نے 8 دن پہلے والدین سے بات کی تھی۔ تاہم یہ واضح نہیں ہوا کہ یہ واقعہ امریکہ میں کب پیش آیا۔ ش
امجد اللہ خاں خالد کی مرحوم کے والد سے ملاقات
حیدرآباد 18 ستمبر ( سیاست نیوز ) امریکہ میں فائرنگ میں فوت محبوب نگر سے تعلق رکھنے والے نوجوان نظام الدین کے مکان واقع محبوب نگر پہونچ کر ترجمان مجلس بچاؤ تحریک امجد اللہ خاں خالد نے ملاقات کی ۔ انہوں نے اس واقعہ پر مرحوم کے والد سے اظہارتعزیت کیا ۔ مرحوم کے والد نے امجد اللہ خاں خالد سے میت کو واپس محبوب نگر لانے مدد کی اپیل کی ۔ امجد اللہ خاں خالد نے وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جئے شنکر کومکتوب روانہ کرتے ہوئے مرحوم نظام الدین کی نعش کو ہندوستان منتقل کرنے کیلئے نمائندگی کی ۔ انہوں نے وزیر خارجہ سے خواہش کی کہ وہ اس سارے واقعہ کے تعلق سے امریکی سفارتخانہ اور قونصل خانہ سے تفصیلات معلوم کریں۔