والدین کو پاسپورٹ اور ویزا فراہم کرنے حکومت سے مطالبہ
حیدرآباد 6 جون (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ کے منچریال سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون امریکہ کے شہر شکاگو میں ریلوے اسٹیشن پر حادثاتی طور پر سیڑھیوں سے گر گئی اور شدید زخمی ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق لاگیشیٹی اپندنا 22 سالہ جو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے ایلینوس کے المہرسٹ یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کررہی تھی، 30 مئی کو جب وہ سیڑھیوں سے نیچے اُتر رہی تھی کہ حادثاتی طور پر 25 فٹ اونچی سیڑھیوں سے نیچے گر گئی اور شدید زخمی ہوگئی جسے فوراً دواخانہ منتقل کیا گیا جہاں وہ ابھی بھی کومہ کی حالت میں ہے۔ ڈاکٹروں نے بتایا کہ اس کو شدید چوٹیں آئی ہیں، اسے متعدد ہیمرج، کند چوٹیں، فریکچر، ہڈیاں ٹوٹ گئی ہیں، جگر کا ایک حصہ متاثر ہوگیا اور دیگر پیچیدگیاں بھی ہیں، کافی دیکھ بھال کے ساتھ اس کا علاج کیا جارہا ہے۔ خاتون کے والدین سرینواس اور سنیتا نے بتایا کہ وہ پانچ ماہ میں اپنی تعلیم مکمل کرنے والی تھی۔ وہ اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے جنوری 2025ء میں امریکہ گئی تھی۔ حادثہ میں زخمی ہونے کی اطلاع نے ہمیں گہرے صدمے میں پہنچادیا ہے۔ سرینواس نے حکومت سے درخواست کی کہ وہ اور ان کی اہلیہ دونوں کے لئے پاسپورٹ اور ویزا حاصل کرنے میں مدد کریں۔شV/