امریکہ میں نفرت پر مبنی جرائم سال 2022 میں معمولی اضافہ : رپورٹ

   

واشنگٹن: امریکہ میں جاری کردہ ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق، پچھلے دو سالوں کی نسبت اِس سال کی پہلی ششماہی کے دوران امریکہ کے بڑے شہروں میں نفرت انگیز جرائم میں معمولی اضافہ ہوا۔کیلیفورنیا سٹیٹ یونیورسٹی میں انتہا پسندی کے تحقیقی مرکز” سنٹر فار دی سٹڈی آف ہیٹ اینڈ ایکسٹریمزم” کے مطابق 15 بڑے شہروں کے پولیس محکموں سے جمع کیے گئے اعداد و شمار، سال 2022 میں اب تک تعصب پر مبنی واقعات میں اوسطاً 5 فیصد کا اضافہ ظاہر کرتے ہیں، جبکہ اِن 15 شہروں کی مجموعی آبادی ساڑھے 25 ملین افراد پر مشتمل ہے۔یہ رپورٹ نشاندہی کرتی ہے کہ اگرچہ اِ س سال بھی نفرت پر مبنی جرائم میں اضافہ ہوا ہے، تاہم یہ گزشتہ دو سالوں کی نسبت کم ہے۔اِس کے مقابلے میں، امریکہ کے 52 شہروں کے مرتب کردہ اعداد و شمار دکھاتے ہیں کہ 2021 میں ملک میں نفرت پر مبنی جرائم میں تقریباً 30 فیصد اضافہ ہوا تھا۔امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کے مطابق، نفرت پر مبنی جرم کا مطلب یہ ہے کہ کسی شخص یا جائیداد کے خلاف ایسا مجرمانہ فعل، جس کے مرتکب فرد نے مکمل یا جزوی طور پر کسی کی نسل، مذہب، معذوری، جنسی رجحان یا صنف کے خلاف تعصب کی وجہ سے ایسا عمل کیا ہو-