امریکہ میں کورونا وائرس کا قہر جاری ،3040افراد ہلاک

,

   

۔164274متاثر، روزانہ ایک لاکھ افراد کا ٹسٹ، عوام کو گھروں میں رہنے کی ہدایت

واشنگٹن، 31مارچ (سیاست ڈاٹ کام) عالمی وبا کورونا وائرس، دنیا کے سب سے زیادہ طاقتور ملک امریکہ میں بھی بری طرح پھیل چکا ہے جس کی وجہ سے اب تک 3040افراد ہلاک جبکہ 164274 لوگ متاثر ہوئے ہیں۔جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سائنس اور انجینئرنگ سینٹر نے منگل کو یہ اطلاع دی۔ اس کے مطابق پوری دنیا میں اب تک8لاکھ 55 ہزار782افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیںجبکہ 37ہزار571افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ امریکہ میں کورونا وائرس سے پیر کو 560سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے ، جس کے بعد یہ اعداد و شمار بڑھ کر 3040تک پہنچ گیاہے ۔کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے درمیان امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا کہ دس لاکھ سے زیادہ امریکی عوام کے کورونا وائرس کے ٹسٹ ہو چکے ہیں جو مجموعی آبادی کا محض تین فیصد ہی ہے ۔ٹرمپ نے کہا کہ ملک میں ایک لاکھ لوگوں کی کورونا وائرس کی جانچ کی گئی ہے ۔ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں یہ اعلان کرتے ہوئے کہاآج ہم کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں ایک تاریخی سنگ میل تک پہنچ گئے ہیں۔ ہم نے کم از کم ایک لاکھ امریکیوں کی جانچ کی۔امریکہ کے وزیر صحت ایلیکس آئزر نے کہا کہ ملک میں کورونا وائرس کے پھیلنے سے نمٹنے کی کوششوں کے تحت یومیہ ایک لاکھ نمونوں کی جانچ کی جارہی ہے۔ کورونا وائرس کے پھیلنے کی وجہ سے واشنگٹن میں لوگوں کو گھر میں ہی رہنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔شہر کی میئر مریل بوسر نے پیر کو ٹوئٹ کرکے کہاکووڈ -19 کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے جس کے پیش نظر ضلع کولمبیا میں لوگوں کو ضروری سرگرمیوں کو چھوڑ کر گھر میں رہنے کی ہدایت دی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکم کی خلاف ورزی پر 5ہزار امریکی ڈالر کا جرمانہ، کم ازکم 90دنوں کی قید، یا دونوں ہی سزا ہو سکتی ہے ۔حکم کے مطابق لوگوںکو صرف ضروری سرگرمیوں مثلا ادویات، خوراک، اشیائے ضروریہ لانے اور ضروری کاموں کیلئے ہی گھر سے باہر جانے کی اجازت ہو گی ہے۔ بوسر نے کہا کہ واشنگٹن کے لوگ کچھ ’قابل قبول تفریحی سرگرمیوں‘ میں بھی شامل ہو سکتے ہیں۔واشنگٹن کے پڑوسی ، ورجینیا اور میری لینڈمیں ایک دن پہلے ہی اسی طرح کے احکامات جاری کیے تھے ۔