امریکہ میں گرفتار 126 کے منجملہ 117 طلبہ سے قونصلر کی ملاقات

,

   

قانونی امداد فراہم کی گئی ، حکومت ِ ہند کی اس معاملے پر کڑی نظر : وزارت خارجہ

نئی دہلی۔ 5 فروری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے کہا کہ وہ امریکہ میں گرفتار 129 ہندوستانی طلبہ کے منجملہ 117 طلبہ سے ملاقات کرنے میں ہندوستانی قونصلر نے اجازت حاصل کرلی ہے۔ امریکہ کی ایک فرضی یونیورسٹی میں داخلہ لینے کی پاداش میں ان طلبہ کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ان کی رہائی کیلئے قانونی امداد بھی فراہم کی جارہی ہے۔ وزارت خارجہ کے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ حکومت ہند اس معاملے پر مسلسل نظر رکھی ہوئی ہے اور پورے واقعہ سے نمٹنے کیلئے احتیاطی اقدامات کررہی ہے۔ ہندوستانی طلبہ کو حراست میں لینے کے بعد حکومت ہند نے نئی دہلی میں امریکی سفارت خانہ کو احتجاجی مکتوب روانہ کیا۔ امریکی حکومت کے اعداد و شمار کے مطابق 129 ہندوستانی طلبہ کو 31 جنوری کو گرفتار کیا گیا ہے اور ان کی یہ گرفتاری یونیورسٹی میں درج ان کے ناموں کے مطابق کی گئی ہے۔ وزارت خارجہ کے ایک ترجمان نے بتایا کہ آج کی تاریخ تک ہمارے سفارت خانہ اور قونصل خانوں نے 117 طلبہ تک رسائی حاصل کی ہے اور ان طلبہ کو 36 مختلف حراستی مراکز میں رکھا گیا ہے۔ وہاں تک قونصلر پہونچنے کی کوشش کررہے ہیں۔ قونصل خانہ کی جانب سے مابقی 12 طلبہ کی جانب سے ملاقات کی کوشش کی جارہی ہے۔ ہندوستانی سفارت خانہ کی جانب سے 24 گھنٹے ہیلپ لائن بھی قائم کیا گیا ہے۔ قانونی مشورہ حاصل کرنے کیلئے ہندوستانی طلبہ کو مدد دی جارہی ہے اور انہیں کمیونٹی امدادی خدمت بھی دی جارہی ہے۔ ہم امریکی حکام سے مسلسل ربط رکھے ہوئے ہیں۔