امریکہ میں 24 گھنٹے میں دو مقامات پر فائرنگ

   

ایک شخص ہلاک، پارک میں 4 سالہ بچہ سمیت متعدد زخمی

واشنگٹن۔16؍اگست ( ایجنسیز ) امریکہ میں 24 گھنٹوں کے اندر فائرنگ کے دو الگ الگ واقعات میں ایک شخص ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ کینٹکی کے شہر لیکسنگٹن میں واقع چارلس ینگ پارک میں ہفتہ کی شام ہونے والی فائرنگ میں 5 افراد کو گولیاں لگیں جن میں 4 سالہ بچہ اور 14 سالہ لڑکا بھی شامل ہیں۔ اس سے چند گھنٹے قبل ورجینیا اسٹیٹ یونیورسٹی میں بھی فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں 5 افراد زخمی ہوئے۔پولیس نے تاحال فائرنگ کے محرکات، مشتبہ حملہ آور یا ہلاک ہونے والے شخص کے بارے میں تفصیلات جاری نہیں کی ہیں۔ دوسری جانب ورجینیا اسٹیٹ یونیورسٹی میں ہفتہ کی صبح تقریباً ڈیڑھ بجے فائرنگ ہوئی۔ اس واقعہ میں پانچ افراد کوگولی لگنے سے وہ زخمی ہوگئے۔ یونیورسٹی کے مطابق زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویش ناک تھی۔یونیورسٹی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ فائرنگ میں متعدد مشتبہ افراد کے ملوث ہونے کا امکان ہے۔ فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ اس واقعے میں کسی مشتبہ شخص کو حراست میں لیا گیا یا نہیں۔ فائرنگ کے واقعے کے باعث یونیورسٹی میں طلبہ اور عملے کی سلامتی سے متعلق تشویش پیدا ہوگئی۔اس دوران ریاست جارجیا کے ہیوسٹن کاؤنٹی میں بھی ایک ہائی اسکول میں فائرنگ کا واقعہ سامنے آیا ہے۔امریکہ میں مختصر مدت کے دوران فائرنگ کے ان واقعات نے ایک بار پھر عوامی مقامات، تعلیمی اداروں اور بچوں کی سلامتی سے متعلق خدشات کو نمایاں کردیا ہے۔