امریکہ نے پاکستان کو حملہ کئے بغیر ’غلام‘ بنا لیا: عمران خان

   

اسلا م آباد : سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ امریکہ نے پاکستان پر حملہ کیے بغیر ہی اسے ’غلام‘ بنا لیا۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری میں اپنے امریکی ہم منصب سے آنکھ سے آنکھ ملاکر بات کرنے کے جرات نہیں ہے۔پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اتوار کے روز ایک بار پھر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور ان کے والد سابق صدر آصف علی زرداری پر بدعنوانی کے الزامات لگائے۔میڈیا رپورٹوں کے مطابق عمران خان نے کہا کہ اگلے ہفتے جب بلاول بھٹو امریکہ کے دورے کے دوران امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن سے ملاقات کریں گے تو وہ ان سے پیسے کی بھیک مانگیں گے تاکہ میں (عمران خان) دوبارہ اقتدار میں نہ آسکوں۔فیصل آباد میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ بلاول بھٹو میں بلنکن کے سامنے آنکھ اٹھا کر بات کرنے کی ہمت نہیں ہے کیونکہ امریکی وزیر خارجہ اس بات سے بخوبی واقف ہیں کہ بلاول اور ان کے والد آصف علی زرداری نے اپنی دولت دنیا بھر میں کہاں کہاں چھپا رکھی ہے۔سابق پاکستانی وزیر اعظم نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کو یہ تمام باتیں معلوم ہیں یہی وجہ ہے کہ بلاول امریکہ کے سامنے آنکھ ملا کر بات کرنے کی ہمت نہیں کریں گے کیونکہ انہیں یہ اندازہ ہے کہ اگر انہوں نے ایسا کیا تو تمام چیزوں سے محروم ہوجائیں گے۔عمران خان کا کہنا تھاکہ چونکہ بلاول کی ساری دولت ملک کے باہر جمع ہے اس لیے وہ امریکہ کو ناراض نہیں کرسکتے ورنہ وہ تمام چیزوں سے محروم ہوجائیں گے۔سابق وزیر اعظم نے کہا کہ امریکہ اپنے مفاد کے بغیر کبھی بھی کسی ملک کی مدد نہیں کرتا۔امریکہ پاکستان سے کہے گا وہ فلسطین کے بارے میں بولنا چھوڑ دے۔انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ بھارت کو اپنے شرائط منوانے کے لیے مجبور نہیں کرسکتا کیونکہ بھارت ایک آزاد ملک ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکہ نے پاکستان پر حملہ کیے بغیر ہی اسے غلام بنالیا ہے۔ لیکن پاکستان کے عوام امپورٹیڈ حکومت کو کبھی تسلیم نہیں کریں گے۔