واشنگٹن: یوکرین جنگ کے دوران دو دنوں کے روس سفر پر گئے ہندوستانی وزیر خارجہ ایس جے شنکر پر دنیا کی نظریں لگی ہوئی تھیں اور اب امریکہ کے محکمہ خارجہ کا رد عمل سامنے آیا ہے ۔ ترجمان نیڈ پرائس نے جے شنکر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ روس کو یوکرین جنگ روکنے کیلئے ہندوستان کا پیغام سننا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ روس کو ہندوستان سے سفارت کاری سمجھنی چاہئے ۔ہندوستان کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر اور روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کے درمیان ماسکو میں ہوئی گفتگو پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے نیڈ پرائس نے کہا کہ گزشتہ مہینوں میں ہندوستان کی وزارت خارجہ سے ہماری کئی مرتبہ بات چیت ہوئی ہے ۔ امریکی وزیر خارجہ اینٹنی بلنکن کی ایس جے شنکر سے ملاقات بھی ہوچکی ہے ۔ نیڈ پرائس نے کہا کہ ہندوستان نے پھر یہ بات دوہرائی ہے کہ وہ جنگ کے خلاف ہے ۔ یہی مشورہ ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے روس کے صدر پوتن کو بھی دیا تھا اور اب وہی بات جے شنکر نے کہی ہے ۔ وزیر اعظم مودی نے پوتن سے سمرقند میں کہا تھا کہ یہ جنگ کا دور نہیں ہے ۔