امریکہ کا ترکی کو انتباہ

   

واشنگٹن، 14 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے ترکی کو خبردار کیا ہے کہ وہ شام میں کردوں کو دہشت گرد تنظیموں کی طرح نہ دیکھے ۔امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اتوار کو ترکی کووارننگ دی ہے کہ اگر ترکی نے شام میں کردجنگجوؤں پر فوجی کارروائی کی تووہ معاشی طورپر تباہ ہو جائے گا۔ قبل ازیں ترکی نے امریکہ کو وارننگ دی تھی کہ وہ مشترکہ پالیسی کی آڑ میں ‘دہشت گردی کو فروغ’ نہ دے ۔مسٹر ٹرمپ نے ٹویٹ کیا،‘ شام سے داعش کو شکست دے کر طویل عرصے سے زیرالتواء فیصلہ کرتے ہوئے امریکی فوج ہٹالی گئی۔ داعش اگر دوبارہ سر اٹھائے گا تو امریکہ قریبی ٹھکانوں سے اس پر پھر حملہ کرے گا۔ترکی نے اگر کردوں پر حملہ کیا تو وہ معاشی طور پر تباہ ہو جائے گا’۔امریکی صدر نے یہ بھی کہا،‘ کرد بھی ترکی کو اکسانے کا عمل نہ کریں۔ شام سے داعش کو شکست دینے کی امریکی پالیسی کا سب سے زیادہ فائدہ حریف ملکوں روس، ایران اور شام کو ہوا ہے ۔ اس کا فائدہ ہمیں بھی ہوا ہے لیکن اب لامتناہی جنگ بند کرکے شام سے فوج کو واپس بلانے کا وقت آگیا ہے ۔