امریکہ کا طویل فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل کا تجربہ

   

واشنگٹن ۔ 13 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی محکمہ دفاع نے جمعرات کو طویل فاصلے تک اپنے ہدف کو نشانہ بنانے والے ایک میزائل کا تجربہ کیا ہے۔ یہ تجربہ بحرالکاہل پر کیا گیا۔ اس قسم کی میزائل سازی روس اور امریکہ کے درمیان طے شدہ معاہدہ میں ممنوع قرار دی گئی تھی جو رواں برس موسم گرما میں ختم ہو چکا ہے۔ امریکی فوج کے صدر دفتر نے اس میزائل تجربے کی تفصیلات عام کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ یہ ضرور بتایا کہ میزائل کو ریاست کیلیفورنیا کے وانڈنبرگ ایئر فورس بیس سے چھوڑا گیا تھا اور یہ پانچ سو میل تک فضا میں اڑتا گیا تھا۔ رواں برس کے اوائل میں پینٹاگان نے بیلسٹک میزائل کے نئے تجربات شروع کرنے کا اشارہ دیا تھا۔