تہران ۔26؍جون(ایجنسیز )ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ امریکہ ایران۔ اسرائیل جنگ میں اس لیے شامل ہوا کیونکہ اسے لگا کہ ایران صہیونی حکومت کو مکمل طور پر تباہ کردے گا۔ ایکس پر جاری اپنے بیان میں ایرانی سپریم لیڈر نے کہا کہ صہیونی ریاست کے خلاف فتح پر قوم کو مبارکباد دیتا ہوں۔انہوں نے لکھا کہ اس سارے ہنگامے (جنگ) اور ان تمام دعوؤں کے درمیان صیہونی حکومت کو عملی طور پر گرا دیا گیا اور اسلامی جمہوریہ کے حملوں میں کچل دیا گیا۔آیت اللہ خامنہ ای نے مزید کہا کہ میری جانب سے ہمارے عزیز ایران کی امریکی حکومت پر فتح مبارکباد، امریکی حکومت براہ راست جنگ میں داخل ہوئی کیونکہ اسے لگتا تھا کہ اگر ایسا نہ ہوا تو صہیونی حکومت مکمل طور پر تباہ ہو جائے گی۔انہوں نے کہا کہ صہیونی حکومت کو بچانے کی کوشش میں امریکہ جنگ میں داخل ہوا لیکن اس اقدام سے کچھ حاصل نہیں ہوا۔انہوں نے مزید لکھا کہ اسلامی جمہوریہ نے امریکہ کے منہ پر زوردار طمانچہ رسید کر دیا۔ایران نے خطے میں موجود امریکی اڈوں میں سے ایک العدید ایئر بیس پر حملہ کیا اور اسے نقصان پہنچایا۔انہوں نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ اسلامی جمہوریہ خطے میں موجود اہم امریکی اڈوں تک رسائی رکھتا ہے اور وہ جب بھی ضروری سمجھے تو کارروائی کرسکتا ہے۔آیت اللہ خامنہ ای نے مزید کہا کہ ایسی ہی جوابی کارروائی مستقبل میں بھی دہرائی جا سکتی ہے اگر مستقبل میں دوبارہ ایسی کوئی بھی جارحیت کی گئی تو دشمن کو بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔