امریکی سفیر برائے ہندوستان ایریک گیرسٹی کا دورہ حیدرآباد، شہر کی ترقی کی تعریف
حیدرآباد۔/26 مئی، ( سیاست نیوز) امریکی سفیر برائے ہندوستان ایرک گیرسٹی نے آج شہر حیدرآباد کو مستقبل کا شہر بتایا۔ امریکی سفیر کی حیثیت سے جائزہ حاصل کرنے کے بعد حیدرآباد کے پہلے دورہ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہر حیدرآباد میں مسلسل ترقی ہورہی ہے اور یہاں پر بڑے پیمانے پر تعمیری کام بھی کئے جارہے ہیں۔ امریکی سفیر نے کہا کہ امریکہ ۔ ہند تعلقات بیش قیمت ہیں اور مستقبل میں یہ مزید مستحکم ہوں گے۔ ٹی ۔ ہب میں منعقدہ پہلی پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں اگر کوئی شہر ترقی کررہا ہے تو وہ حیدرآباد ہے اور اس کی مثال ٹی ۔ ہب ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ ایک رول ماڈل کی طرح ثابت ہورہی ہے اور کئی نوجوانوں کے خواب شرمندہ تعبیر ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرز پر امریکی قونصل خانہ حیدرآباد تعمیر کیا گیا ہے وہ ساؤتھ ایشیا کا سب سے بڑا امریکی کونسلیٹ ہے اور یہ ہند۔ امریکی تعلقات کی زندہ مثال ہے۔ سب سے بڑے کونسلیٹ کا حیدرآباد میں تعمیر کیا جانا امریکی حکومت کا شہر حیدرآباد کی سمت خاص توجہ کی مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کے پہلے دورہ میں انہوں نے تاریخی چو محلہ پیالیس کے علاوہ انڈین اسکول آف بزنس کا بھی مشاہدہ کیا ہے اور اس سے کافی متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ 14 سال کی عمر میں ہندوستان آئے تھے جب کے ہندوستان اور موجودہ ملک کے حالات انتہائی تبدیل ہوگئے ہیں اور ترقی کی سمت گامزن ہیں۔ ایرک گیرسٹی نے کہا کہ وہ اس دورہ میں جب حیدرآباد کے مختلف مقامات کا دورہ کررہے تھے تو انہیں امریکہ کے شہر اور ہندوستان کے شہر میں فرق محسوس نہیں ہوا، جس قسم کی عمارتیں یہاں تعمیر کی گئی ہیں وہ قابل تعریف ہیں۔ امریکی سفیر نے کہا کہ صدر امریکہ جوبائیڈن نے بھی انہیں ہدایت دی ہے کہ وہ ہند ۔ امریکی باہمی تعلقات کو مستحکم کرنے کیلئے کام کریں اور آئندہ مہینوں جب امریکی صدر G-20 سمٹ میں شرکت کیلئے ہندوستان آئیں گے اور دوسری طرف ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی بھی امریکہ کے دورہ پر آنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ ایرک گیرسٹی نے ایک تلگو شاعر کا بھی حوالہ دیتے ہوئے تلگو میں اشعار پڑھے۔ امریکی سفیر نے کہا کہ امریکہ کیلئے ہندوستانی شہریوں کیلئے ویزا فراہم کرنا اولین ترجیح ہے اور آئندہ تین مہینوں یعنی جون، جولائی، اگسٹ میں ویزا کے اپاینٹمنٹ کیلئے زیادہ سے زیادہ سلاٹ فراہم کئے جائیں گے۔ ایک اخباری نمائندہ کے سوال کا جواب دیتے ہوئے امریکی سفیر نے کہا کہ وہ ہندوستان اور امریکہ کے دوستانہ تعلقات دنیا بھر میں مثالی ہونے کی بات اس لئے کررہے ہیں چونکہ دونوں ممالک بھی دنیا کے سب سے بڑی جمہوری ممالک ہیں۔ب