ہندوستانیوں کی اکثریت
واشنگٹن ۔ 28 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) فیڈرل لاء انفورسمنٹ ایجنسیوں نے 90 بیرون ملکی طلباء کو جن میں اکثریت ہندوستانیوں کی ہے، جعلی یونیورسٹیوں میں داخلہ لینے کی پاداش میں گرفتار کرلیا جو دراصل امریکی حکومت کی جانب سے ہی قائم کی گئی تھیں تاکہ امیگریشن کی دھوکہ دہی کے معاملات پر نظر رکھی جاسکے۔ دی یو ایس امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (ICE) نے اب تک زائد از 250 طلباء کو گرفتار کیا ہے جنہیں ڈیٹرائیٹ میٹرو پولیٹن علاقہ میں واقع یونیورسٹی آف فرمنگٹن (جو اب بند ہوچکی ہے) میں داخلہ لینے کیلئے راغب کیا گیا تھا۔ گرفتاری ڈپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سیکوریٹی کی جانب سے عمل میں آئی ہے۔ آئی سی ای سے اپنی ہی قائم کردہ جعلی یونیورسٹیوں سے ماہ مارچ میں 161 طلباء کو گرفتار کیا تھا۔ جب مارچ کے مہینہ میں یونیورسٹی کو بند کیا گیا تو اس میں 600 طلباء موجود تھے جن میں اکثریت ہندوستانیوں کی تھی۔ اب مزید 90 طلباء کی گرفتاری کی خبر سب سے پہلے ’’ڈیٹرائیٹ فری پریس‘‘ نے دی جس پر سوشیل میڈیا میں تہلکہ مچ گیا ہے۔ دریں اثناء آئی سی ای کے ایک ترجمان نے بتایا کہ اب تک جن 250 طلباء کو گرفتار کیا گیا ہے ان میں سے 80 فیصد طلباء کو رضاکارانہ طور پر امریکہ سے ان کے متعلقہ ممالک کو روانہ کردیا گیا ہے۔