نیویارک: پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان کی الیکشن کمیشن سے توشہ خانہ سے متعلق ریفرنس میں نااہلی کے بعد ایک بار پھر پاکستان میں سربراہانِ مملکت سے ملنے والے تحائف اور توشہ خانے سے متعلق قواعد زیرِ بحث ہیں۔ سربراہانِ مملکت کو ملنے والے تحائف سے متعلق مختلف ممالک میں قواعد و ضوابط بھی پائے جاتے ہیں اور کبھی کبھی ان ضابطوں پرعمل درآمد متعلقہ محکموں کے لیے دردِ سر ثابت ہوتا ہے۔ یہ صدر جارج ڈبلیو بش کے دور کی بات ہے کہ ان کے عملے نے نیشنل آرکائیو کے شعبے کو کہا کہ وہ ضابطے کے مطابق صدر کو ملنے والے ایک تحفے کو اپنی تحویل میں لے لیں۔ نیشنل آرکائیو کے اہل کار نے پوچھا کہ وہ تحفہ کیا ہے؟ جس پر عملے کی رکن کا جواب تھا ’ایک کتا‘ آرکائیو کے اہلکار نے دوبارہ سوال کیا یہ کوئی مجسمہ ہے؟ اہل کار نے نے جواب دیا کہ نہیں یہ ایک پیارا سا کتا ہے۔