ویزے کی اجرائی کیلئے ارکان خاندان کی وزیر خارجہ سے درخواست
حیدرآباد 26 جولائی (سیاست نیوز) حیدرآباد کے مضافاتی علاقہ میڑچل سے تعلق رکھنے والے ایک طالب علم محمد عامر احمد امریکہ میں سڑک حادثہ میں زخمی ہوگئے جن کا ہاسپٹل میں علاج جاری ہے۔ امریکہ میں ماسٹرس کی ڈگری کی تکمیل کے لئے محمد عامر احمد نے ڈیٹرائٹ مشیگن کی ٹرینی یونیورسٹی میں داخلہ لیا تھا، 2 سال قبل اُنھوں نے بزنس اڈمنسٹریشن کے کورس میں داخلہ لیا۔ عامر احمد کے افراد خاندان نے وزیر خارجہ سے درخواست کی ہے کہ اُنھیں ویزے کی اجرائی کے لئے امریکہ قونصلیٹ حیدرآباد سے سفارش کریں تاکہ وہ عامر کے علاج کی نگرانی کرسکیں۔ عامر کے بھائی محمد ذاکر احمد نے وزیر خارجہ سے اپیل کی کہ شکاگو میں موجود ہندوستانی سفارت کار کو عامر کے مؤثر علاج کے سلسلہ میں توجہ دینے کی ہدایت دیں۔ بتایا جاتا ہے کہ 20 جولائی 2024 ء کو سڑک عبور کرنے کے دوران عامر حادثہ کا شکار ہوگئے۔ تیز رفتار کار نے اُنھیں ٹکر دے دی اور اُنھیں یونیورسٹی آف شکاگو کے ہاسپٹل میں شریک کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ عامر کی حالت تشویشناک ہے اور وہ وینٹیلیٹر پر ہیں۔ اُن کے بھائی ذاکر احمد نے وزیر خارجہ سے اپیل کی کہ شکاگو کے قونصل جنرل کو ہاسپٹل کا دورہ کرنے کی ہدایت دی جائے۔ امریکی حکومت سے درخواست کی گئی ہے کہ عامر کے خاندان کو ایمرجنسی ویزا جاری کیا جائے۔ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ جب حیدرآباد کے امریکی قونصلیٹ نے ہنگامی ویزا جاری کیا ہو۔ فبروری میں شکاگو میں سید مظہر علی نامی طالب علم پر حملہ کا واقعہ پیش آیا اور قونصلیٹ نے اُن کی اہلیہ اور بچوں کو ویزا جاری کیا تھا۔ 1
