نصف شب کو مریض کے مکان پہونچ کر علاج کیا، امریکی میڈیا میں ستائش
حیدرآباد 9 جون (سیاست نیوز) امریکہ کے مونرو (MONROE) شہر میں ایک مسلم ڈاکٹر نے ذیابیطس سے متاثرہ مریض کو بروقت طبی امداد کے ذریعہ امکانی خطرہ سے بچالیا اور ڈاکٹر جویریہ خان کی انسانی ہمدردی کی ہر گوشہ سے ستائش کی جارہی ہے۔ امریکہ کے میسوری اسٹیٹ کے شہر مونرو کے اخبارات نے بھی ڈاکٹر جویریہ خان کی جانب سے رات دیر گئے مریض کے مکان پہونچ کر علاج کرنے کے واقعہ کو نمایاں طور پر پیش کیا ہے۔ 32 سالہ جوشوا دوشانے کی والدہ نے اِس واقعہ کا تاخیر سے انکشاف کیا اور بتایا کہ فروری میں جوشوا دوشانے نے اچانک حلق سوکھنے اور شدید پیاس کی شکایت کی۔ دوشانے کی والدہ ڈی بی دوشانے ایک ریٹائرڈ رجسٹرڈ نرس ہیں۔ اُن کا کہنا ہے کہ فوری طور پر ڈاکٹر دستیاب نہیں ہوا لہذا اُنھوں نے میڈیکل آفس فون لگایا۔ پرو میڈیکل مونرو ریجنل ہاسپٹل سے ربط قائم کرنے پر ڈاکٹر جویریہ خان کا اپائینٹمنٹ مل گیا۔ ڈاکٹر جویریہ خان نے جوشوا کی طبی جانچ کی اور ذیابیطس کے علاج کے لئے ادویات تجویز کی۔ ڈاکٹر نے مزید ٹسٹ کا مشورہ دیا۔ اُسی رات ڈاکٹر خان کو مریض کے بارے میں بُری خبر ملی کہ شوگر لیول کافی بڑھ چکا ہے۔ شوگر کا یہ لیول خطرناک ثابت ہوسکتا تھا اور یہ مریض کو کوما میں لیجانے کا سبب بن سکتا تھا۔ ڈاکٹر جویریہ خان نے جوشوا اور اُن کے افراد خاندان کو فون کیا لیکن کوئی جواب نہیں ملا۔ ڈاکٹر جویریہ نے اپنی ذمہ داری محسوس کرتے ہوئے فوری مریض کے مکان پہونچنے کا فیصلہ کیا۔ اُنھوں نے رات دیر گئے مکان کے دروازے اور کھڑکیوں کو کھٹکھٹایا لیکن کوئی جواب نہیں ملا جس پر اُنھوں نے میشی گن اسٹیٹ پولیس سے مدد مانگی۔ عام طور پر ڈاکٹر مریض کے مکان نہیں پہونچتے لیکن ہنگامی صورتحال کو دیکھتے ہوئے ڈاکٹر جویریہ نے مریض کی زندگی بچانے کیلئے یہ قدم اُٹھایا۔ جوشوا دوشانے 4 دن تک ہاسپٹل میں زیرعلاج رہیں اور اُنھیں آئی سی یو میں انسولین دیا گیا۔ ڈاکٹر جویریہ خان کے علاج سے شوگر پر کنٹرول کرلیا گیا ہے۔ مریض تیزی سے روبہ صحت ہے اور وہ ڈاکٹر کے مشورہ سے ڈائیٹ کا استعمال کررہا ہے۔ جوشوا دوشانے اور اُن کے افراد خاندان نے ڈاکٹر جویریہ خان کو رئیل ہیرو قرار دیا اور کہاکہ ہم اُن سے محبت اور عقیدت رکھتے ہیں۔1
وہ ایک بہترین فزیشین کے ساتھ ساتھ ہمدردی کا جذبہ رکھنے والے انسان ہیں۔ جویریہ خان مونرو میں گزشتہ 2 برسوں سے میڈیکل ریسیڈنٹ کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔ وہ ٹیکساس کے دیہی علاقوں میں عوام کی خدمت کیلئے منتقل ہونے کا منصوبہ بنارہی ہیں۔1