روی تیجا دو سال قبل اعلیٰ تعلیم کے لئے امریکہ گئے تھے
حیدرآباد ۔20۔جنوری (سیاست نیوز) امریکہ میں تلگو ریاستوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو نشانہ بنانے کے واقعات میں اضافہ باعث تشویش ہے۔ امریکہ کے مختلف شہروں میں تلگو ریاستوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ اور نوجوانوں پر وقفہ وقفہ سے حملہ کے واقعات پیش آئے ہیں۔ واشنگٹن میں حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے طالب علم روی تیجا پر نامعلوم حملہ آروں نے فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں نوجوان کی موت واقع ہوئی۔ چیتنیہ پوری گرین ہلز کالونی سے تعلق رکھنے والے روی تیجا 2022 میں اعلیٰ تعلیم کیلئے امریکہ روانہ ہوئے تھے۔ روی تیجا کی ہلاکت کی اطلاع ملتے ہی افراد خاندان پر سکتہ طاری ہوگیا کیونکہ انہوں نے روی تیجا کے تابناک مستقبل کی امیدیں وابستہ کی تھیں۔ روی تیجا کے والد چندرا مولی کے مطابق واقعہ کی مزید تفصیلات کا علم نہیں ہوا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ رہزنوں نے روی تیجا پر فائرنگ کردی کیونکہ انہوں نے مزاحمد کی تھی۔ حالیہ عرصہ میں امریکہ میں گن کلچر کو فروغ حاصل ہوا ہے اور مختلف شہروں میں فائرنگ کے ذریعہ ہندوستانیوں کو نشانہ بنانے کے واقعات پیش آئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ہندوستانی سفارتی حکام واقعہ کے سلسلہ میں مقامی عہدیداروں سے تفصیلات حاصل کر رہے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق روی تیجا کی فائرنگ سے برسر موقع موت ہوگئی۔ مقامی پولیس نے نعش کو ہاسپٹل میں محفوظ کردیا ہے ۔ روی تیجا تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ ملازمت کر رہے تھے تاکہ خاندان کی مدد کرسکیں۔ روی تیجا کی موت نے افراد خاندان ، دوست احباب اور رشتہ داروں میں غم کی لہر دوڑادی ہے۔ سرکاری امور کی تکمیل کے بعد روی تیجا کی نعش حیدرآباد منتقل کی جا ئے گا۔ 1