امریکی صدر جو بائیڈن نے روس پر دباؤ ڈالنے کی غرض سے یوکرین کو جدید راکٹ سسٹم اور مزید اسلحہ فراہم کرنے پر آمادگی کا اظہار کیا ہے۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق چہارشنبہ کو صدر جو بائیڈن نے کہا کہ یوکرین کو ہتھیاروں اور دیگر اسلحہ فراہم کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے ہیں تاکہ وہ جنگ کے میدان میں مقابلہ کر سکے اور مضبوط پوزیشن کے ساتھ روس کے ساتھ مذاکرات کرے۔روئٹرز نے صدر بائیڈن کی جانب سے امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز میں لکھے گئے مضمون کا حوالہ دیا ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ ’ان جدید ہتھیاروں سے یوکرین کو اپنے اہداف کا بالکل ٹھیک نشانہ لینے میں مدد ملے گی۔‘بائیڈن انتظامیہ کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے کہا کہ ان ہتھیاروں میں ایم 142 ہائی موبلٹی آرٹلری راکٹ سسٹم بھی شامل ہوگا جس کے متعلق یوکرین کی فوج نے ایک ماہ قبل کہا تھا کہ روسی میزائل حملوں کا مقابلہ کرنے کے لیے یہ انتہائی اہم ہے۔یہ راکٹ سسٹم امریکہ کی جانب سے یوکرین کے لیے 70 کروڑ ڈالر کی اعلان کردہ فوجی امداد کا حصہ ہے۔عہدیدار نے مزید کہا کہ یوکرین نے امریکہ کو یقین دہانی کروائی ہے کہ یہ میزائل روس کے اندر حملے کرنے کے لیے نہیں استعمال ہوں گے۔