امریکہ ۔ طالبان بات چیت پہلے روزہ کے دن مسدود

   

دوحہ۔ 6 مئی (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ اور طالبان کے درمیان امن بات چیت کے سلسلہ کو پیر کے روز مقدس ماہ رمضان المبارک کے آغاز کے موقع پر مسدود کردیا گیا۔ یاد رہیکہ اس وقت فریقین کے درمیان اس بات پر بحث و تکرار جاری ہے کہ افغانستان سے بیرونی افواج کا تخلیہ کب ہوگا۔ دوحہ میں بات چیت کا چھٹواں مرحلہ ہنوز جاری ہے جس کے ذریعہ امریکہ اپنی طویل ترین جنگ کے خاتمہ کا خواہاں ہے جبکہ طالبان بات چیت سے کوئی خاص مطمئن نظر نہیں آتے۔ طالبان کے سیاسی ترجمان سہیل شاہین نے بتایا کہ رمضان المبارک کے پہلے روزہ کو مدنظر رکھتے ہوئے بات چیت مسدود کی گئی ہے۔ تاہم منگل کو بات چیت دوبارہ شروع کی جائے گی۔ اس موقع پر ڈائرکٹر برائے سنرٹ فار کانفلکٹ اینڈ ہیومانٹیرین اسٹڈیز ان دوحہ سلطان برکات نے بھی اس بات کی توثیق کی کہ بات چیت کا دوبارہ آغاز منگل کو ہوگا جس میں کافی حد تک مثبت پیشرفت ہوئی ہے۔