امریکہ ۔ میکسیکو سرحد ی دیوار کیلئے ایک ارب جاری

   

واشنگٹن، 26مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) امریکی وزارت دفاع نے کہا کہ امریکہ۔میکسیکو سرحد پر ایک نئی دیوار بنانے کے لئے منگل کو ایک ارب ڈالر کی پہلی قسط جاری کی گئی ہے ۔ڈیموکریٹک اراکین پارلیمان نے اس فیصلے کی مخالفت کی۔وزارت دفاع کی طرف سے جاری بیان کے مطابق امریکی وزارت دفاع نے پیر کو میکسیکو۔امریکہ سرحد پر نئی دیوار بنانے کے لئے پہلی قسط کے طورپر ایک ارب ڈالر خرچ کرنے کا اختیار دیا ہے ۔ یہ رقم سرحد پر یوما اور ایل پاسو سیکٹر کے اندر 18فٹ اونچی اور 57میل لمبی تاربندی اور سڑک بنانے پر خرچ کی جائے گی۔خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے امریکہ کی جنوبی سرحد پر دیوار بنانے کے لئے وفاقی فنڈ سے آٹھ ارب ڈالر جاری کرنے کیلئے گزشتہ مہینے قومی ایمرجنسی کا اعلان کیا تھا۔مسٹر ٹرمپ نے کہا کہ مجرموں کے ذریعہ امریکہ میں نشہ آور اشیا اسمگل کرنے کی سرگرمیوں کو روکنے اس دیوار کی ضرورت ہے ۔اس سے پہلے مارچ کے شروع میں وزارت دفاع نے کہا تھا کہ مسٹر ٹرمپ نے سرحد پردیوار بنانے کے لئے کہا ہے جس میں 12.8ارب ڈالر خرچ آنے کا اندازہ ہے ۔