واشنگٹن : امریکی انتظامیہ اس وقت آئندہ صدارتی انتخابات میں دخل اندازی کی غیر ملکی کوششوں کو ناکام بنانے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے۔ اسی حولے سے امریکی وزیر خارجہ خارجہ مائیک پومپیو نے چہارشنبہ کے روز اس بات کی تصدیق کی کہ ان کا ملک انتخابات جیسے حساس معاملے میں کسی کی مداخلت یا آن لائن سرگرمیوں کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کے بدلے لاکھوں ڈالر کی پیشکش کر رہا ہے۔انتخابات میں دخل اندازی کرنے والے ممالک کی فہرست میں ایران اور روس کا نام سر فہرست ہے۔ امریکہ نے ان دونوں ملکوں کے شہریوں کو ای میل کے ذریعے پیغامات ارسال کرنا شروع کیے ہیں جن میں ان سے کہا گیا ہے کہ اگر وہ اپنے ملکوں میں امریکی صدراتی انتخابات مداخلت کی کوئی کوشش دیکھیں تو ای میل کے ذریعے امریکی حکام کو مطلع کریں۔ اس کے بدلے میں انہیں انعامات سے نوازا جائے گا۔خبر رساں ادارے رائیٹرز نے محمد نامی ایک نوجوان ایرانی کو موصولہ ایسے ایک ٹیکسٹ میسج کے حوالے سے بتایا کہ امریکی انتخابات میں مداخلت کی کوششوں کے بارے میں معلومات کے بدلے میں اسے دس ملین ڈالر تک کی پیش کش کی گئی ہے۔تہران میں مقیم سافٹ ویئر ڈویلپر نے ٹوئٹر پر بتا یا کہ ان نامعلوم تعداد میں ایرانیوں میں سے ایک ہے جن کو اس سلسلے میں بغیر تعارف کے پیغامات موصول ہوئے تھے۔اس کے علاوہ روسی میڈیا نے بتایا کہ روس کے شہریوں کو بھی ایسے ہی پیغامات موصول ہوئے ہیں۔