واشنگٹن : امریکی انٹیلیجنس حکام کا کہنا ہے کہ چین نے نومبر کے امریکی صدارتی انتخابات پر اثر انداز ہونے کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔ یہ بات امریکی خفیہ ادارے کے اعلی عہدیدار ولیم ایوانینا کے جاری کردہ بیان میں بتائی گئی ہے۔ امریکی خفیہ اداروں کے مطابق چین ان انتخابات میں صدر ٹرمپ کی شکست یقینی بنانا چاہتا ہے جب کہ روس ڈیموکریٹ امیدوار جوبائیڈن کے خلاف سرگرم ہیکیونکہ ماسکو بائیڈن کو امریکہ میں روس مخالف اسٹیبلشمنٹ کا حصہ سمجھتا ہے۔ صدر ٹرمپ نے تاہم اس بات کی ایک مرتبہ پھر نفی کی ہے کہ روسی خفیہ ادارے ان کی جیت کے لئے کام کر رہے ہیں۔ امریکی خفیہ اداروں کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایران بھی امریکی انتخابات پر اثر انداز ہونے اور عوام کو منقسم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔