امریکی ایف 22 طیارے عرب امارات پہنچ گئے

   

متحدہ عرب امارات پر حوثی باغیوں کے حالیہ میزائل حملوں کے بعد دفاعی ردِ عمل کے لیے امریکی ایف۔22 طیارے امارات پہنچ گئے۔ خبر کے مطابق، ریپٹرز طیارے ابوظبی کے الظفرہ فوجی اڈے پر اترے جہاں تقریباً 2 ہزار امریکی فوجی موجود ہیں۔ وہاں موجود امریکی فوجیوں نے گزشتہ ماہ حوثیوں کے حملوں کے جواب میں پیٹریاٹ انٹرسیپٹر میزائل داغے تھے، امریکی فوجیوں نے 2003 میں عراق پر امریکی قیادت میں ہونے والی جنگ کے بعد پہلی مرتبہ اس نظام سے فائر کیے۔ امریکی حکام نے آپریشنل سلامتی کا حوالہ دیتے ہوئے یہ بتانے سے انکار کردیا کہ کتنے ایف۔22 لڑاکا طیارے تعینات کیے گئے یا ان طیاروں کے ساتھ کتنا عملہ موجود ہے۔ تاہم انہوں نے اس یونٹ کی شناخت فائٹر ونگ کے طور پر کی، جو ورجینیا میں جوائنٹ بیس لینگلے ایوسٹس میں موجود ہے۔ بعد میں فضائیہ کی جانب سے جاری کردہ ایک تصویر میں الظفرہ کے ایک ٹیکسی وے پر چھ ایف۔ 22 طیاروں کو ایک قطار میں دکھایا گیا تھا۔