امریکی این آر آئی قتل کیس، 3پولیس عہدیداروں سے پوچھ گچھ

   

حیدرآباد۔/20 فروری،( سیاست نیوز) این آر آئی خانگی ٹی وی چینل کے مالک سی ایچ جئے رام قتل کیس کی تحقیقات میں پولیس نے شدت پیدا کردی ہے اور آج 3 پولیس عہدیداروں سے پوچھ تاچھ کی گئی۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس ملا ریڈی، انسپکٹر سرینواسلو اور انسپکٹر رام بابو کو پولیس نے چار گھنٹوں تک پوچھ تاچھ کی۔ تحقیقاتی عہدیداروں نے بتایا کہ جئے رام قتل کیس کے کلیدی ملزم راکیش ریڈی سے فون پر مسلسل ربط میں رہنے کی بات کا انکشاف ہونے کے نتیجہ میں تین پولیس عہدیداروں سے پوچھ تاچھ کی گئی ہے اور ان کے رول کے بارے میں ہر زاویہ سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ پولیس عہدیداروں کے ملوث ہونے کے شواہد وصول ہونے پر ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ راکیش ریڈی کے موبائیل فون کال ڈیٹا کی مدد سے تحقیقات جاری ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ رائے درگم انسپکٹر رام بابو کا راکیش ریڈی کو فون کال کے بعد جوبلی ہلز انسپکٹر کا فون کال بھی دستیاب ہوا ہے۔