آئندہ تعلیمی سال میں ترجیحی بنیاد پر درخواستوں کی عاجلانہ یکسوئی
حیدرآباد۔11۔نومبر(سیاست نیوز) امریکی جامعات میں تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند طلبہ کو ویزوں کی اجرائی کے معاملہ میں امریکی سفارت خانہ ہند سنجیدہ اقدامات میں مصروف ہے اور آئندہ گرما کے داخلوں سے قبل امریکی حکام نے 11تا12لاکھ ویزوں کی اجرائی کا نشانہ مقرر کیا ہے۔ امریکی سفارتخانہ کے مطابق ہندستان امریکہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور وہ ماقبل کورونا وائرس جو ویزوں کی اجرائی عمل میں لائی جاتی تھی اس تعداد تک رسائی حاصل کرنے کے لئے اقدامات کو تیز کرچکا ہے۔ملک بھر میں ویزا کے لئے انٹرویو دینے والوں کو تاخیر کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور اس تاخیر سے نمٹنے کے لئے جو اقدامات کئے جا رہے ہیں ان میں اضافی عملہ کی تعیناتی اور دیگر منصوبہ جات شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق امریکی حکام نے ہندستان میں موجود قونصل خانوں میں ویزا کے لئے انتظار کررہے طلبہ کو اضافی وقت فراہم کرنے اور دیگر زمروں کے ویزادرخواست گذاروں کے لئے کچھ تاخیر سے انٹرویو کے لئے وقت فراہم کرنے کے بھی اقدامات کا جائزہ لیا جا ئے گا۔ سفارتی عہدیدارو ںکے مطابق ہندستان میں H1B اور L زمرہ کے ویزوں کی تجدید کے لئے حالیہ عرصہ میں زائد از ایک لاکھ نوجوانوں کو انٹرویو کا وقت فراہم کرتے ہوئے ان کی درخواستوں کو ترجیحی بنیادوں پر یکسوئی عمل میں لائی گئی ۔ بتایاجاتا ہے کہ آئندہ ماہ تعلیمی سال کے آغاز کے لئے جن طلبہ نے داخلہ حاصل کیا ہے ان کی ویزا درخواستوں کی عاجلانہ یکسوئی کے لئے متعدد اقدامات کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ انہیں ترجیحی بنیادوں پر وقت فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ وہ اپنے تعلیمی سال کو ضائع ہونے سے بچاتے ہوئے موسم سرما کے داخلوں کے ساتھ تعلیم کا آغاز کرسکیں۔ہندستان میں B1اور B2 ویزوں کے لئے درخواستوں کے حصول کے بعد جو انٹرویو کے لئے درکار وقت تھااس میں بھی کافی حد تک کمی ریکارڈ کی جانے لگی ہے اور اسے 9ماہ تک کرلیا گیا ہے جبکہ آئندہ چند ماہ کے دوران اس میں مزید کمی لائی جائے گی۔ تفریح و سیاحت کے علاوہ دیگر اغراض و مقاصد کے لئے امریکہ کے سفر کے خواہشمندوں کے لئے ویزاانٹرویو کے وقت میں کمی لانے کے اقدامات کے دوران اب یہ دیڑھ سال سے گھٹ کر 9ماہ تک پہنچ چکا ہے ۔ موجودہ صورتحال میں طلبہ کے لئے ترجیح بنیادوں پر وقت فراہم کرنے کے معاملہ میں کہا جا رہاہے کہ سفارتخانہ نے تمام قونصل خانوں کو اس سلسلہ میں اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے اور توقع ہے کہ ملک کے تمام قونصل خانوں میں اسٹوڈنٹ ویزاڈے کے طرز پر طلبہ کے لئے خصوصی انٹرویو کی سہولتوں کی فراہمی عمل میں لائی جائے گی۔م