امریکی خلائی کمان، 738 ارب ڈالر کے دفاعی بل کی منظوری

   

واشنگٹن 22 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعے کے روز ایک بل پر دستخط کر کے اسے قانون کی شکل دے دی، جس کے تحت اسپیس فورس تشکیل دی جائے گی جب کہ زچگی اور نومولود بچے کی ابتدائی دیکھ بھال کے لیے وفاقی ملازمین کو 12 ہفتے کی معاوضے کے ساتھ چھٹی کی سہولت کی منظوری دی گئی۔ری پبلیکن اکثریت والی سینیٹ نے منگل کے روز 738 ارب ڈالر مالیت کا دفاعی پالیسی سے متعلق بل منظور کیا تھا، جب کہ ڈیموکریٹک پارٹی کی اکثریت والے ایوان نمائندگان نے اس اقدام کی گذشتہ ہفتے منظوری دی تھی۔قانون سازی کے بعد ٹرمپ کی تجویز کردہ اسپیس فورس کو تشکیل دینے کے لیے درکار فنڈ فراہم ہو جائیں گے، جسے امریکی فوج کی چھٹی برانچ کے طور پر استوار کیا جائے گا، جب کہ ڈیموکریٹس کی جانب سے ‘پیرنٹل لیو’ کی تجویز کے لیے رقوم مختص کی جائیں گی، جس کے تحت 20 لاکھ وفاقی کارکنان کے لیے امریکی تاریخ میں پہلی بار معاوضے کے ساتھ 12 ہفتے کی چھٹی میسر آئے گی۔ساٹھ برس کی کاوش کے بعد اسپیس فورس کو امریکی فوج کی ایک نئی شاخ کے طور پر ترتیب دیا جائے گا۔یو ایس اسپیس کمانڈ اور ایئر فورس اسپیس کمانڈ کے سربراہ، جنرل جان جے ریمنڈ نے نئی فوجی برانچ کو ”قومی اعتبار سے انتہائی اہم” قرار دیا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ ”خلا میں امریکی قیادت کا ان دنوں عالمی سطح پر چرچا عام ہے۔ اس کے متعلق کوئی ابہام نہ رہے۔ آج خلا میں امریکہ دنیا کی بہترین فورس کا جھنڈا گاڑ چکا ہے۔ اور اس وقت بھی ہم پہلے سے کہیں بہتر ہیں”۔ریمنڈ نے کہا کہ اسپیس فورس سے متعلق کئی سوالات باقی ہیں، جن میں یہ معاملہ بھی شامل ہے کہ اس کے اہل کاروں کو کیا نام دیا جائیگا اور ان کی وردی کس طرح کی ہو گی۔ یہ بات ہماری قوم کے لیے بہت اہمیت کی حامل ہے۔بقول ان کے ’’یہ بہت ہی اہم معاملہ ہے جس پر درست انداز سے عمل درآمد کیا جائے گا۔